کیا واقعی ہیری نے میگھن کو طلاق دے دی؟ شہزادے کا موقف آگیا
نیو یارک (قدرت روزنامہ) پرنس ہیری نے بالآخر اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے ساتھ طلاق کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔ یہ افواہیں اس وقت پھیلیں جب ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کو مختلف تقریبات میں علیحدہ علیحدہ شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد ان کے تعلق کو ایک “پروفیشنل علیحدگی” کا حصہ قرار دیا گیا۔
نیو یارک ٹائمز کے 2024 کے ڈیل بک سمٹ میں بات کرتے ہوئے ہیری سے ان کے تعلقات کے حوالے سے پھیلنے والی قیاس آرائیوں کے بارے میں سوال کیا گیا۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا “بظاہر ہم نے 10 یا 12 بار گھر خریدا یا منتقل کیا ہے۔ اور بظاہر ہم 10 یا 12 بار طلاق لے چکے ہیں۔ تو یہ بس ایسا ہی ہے۔”
تقریبات میں ایک ساتھ نظر نہ آنے کے حوالے سے شہزادہ ہیری نے کہا کہ ان کی اور میگھن کی زندگی میں مسلسل دلچسپی بالکل بھی اچھی چیز نہیں۔ انہوں نے ان لوگوں پر بھی طنز کیا جو ان کے بارے میں افواہیں پھیلاتے ہیں۔
ہیری نے کہا کہ وہ اپنی اور میگھن کی “آرچی ویل فاؤنڈیشن” کے ذریعے بچوں کے لیے آن لائن حفاظت میں اضافے کے چیریٹی کام پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں اور ان کا اصل مقصد سب سے اچھا شوہر اور والد بننا ہے ۔
حالیہ مہینوں میں، میگھن مارکل اور پرنس ہیری کو مختلف تقریبات میں اکیلے دیکھا گیا۔ مارکل نے حال ہی میں سدرن کیلیفورنیا ویلکم پروجیکٹ کے لیے ایک نجی عشائیے کی میزبانی کی، جو ان کی آرچی ویل فاؤنڈیشن کے ذریعے منظم کیا گیا تھا۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق، شاہی جوڑا “پروفیشنل علیحدگی” کے ذریعے ایک “ٹوئن ٹریک” حکمت عملی پر عمل کر رہا ہے، اور رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کا کام کے حوالے سے تعلق مثالی نہیں ہے۔