بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے خلاف مقدمات کی ڈبل سینچری سے کتنا دور؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے دوسری جانب ان کے سابق وکیل اور پارٹی رہنما شیر افضل مروت کیخلاف درج مقدمات کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں عمران خان کے خلاف 99 اور خیبرپختونخوا میں 2 مقدمات درج ہیں جبکہ اسلام آباد پولیس کے مطابق صرف دارالحکومت میں سابق وزیر اعظم کیخلاف 76 مقدمات درج ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے میں بانی پی ٹی آئی پر 7 مقدمات اور انکوائریز زیرِ التوا ہیں، عمران خان کیخلاف نیب کے 3 مقدمات زیرِ التوا ہیں، توشہ خانہ فوجداری کیس میں سزا کیخلاف بھی ان کی اپیل زیرِ التوا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کے سابق وکیل اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کیخلاف درج مقدمات کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی۔
پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت کے خلاف درج کیسز کی تفصیل فراہمی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی، جہاں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق شیر افضل مروت کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے عدالت کوبتایا کہ شیر افضل مروت کیخلاف جتنی بھی ایف آئی آرز ہیں وہ اس رپورٹ میں فراہم کردی گئی ہیں، جسٹس ارباب محمد طاہر نے دریافت کیا کہ پیش کردہ رپورٹ میں کتنی ایف آئی آر سیل ہیں،
دوران سماعت شیر افضل مروت کو مخاطب کرتے ہوئے جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ جس پارٹی سے آپ تعلق رکھتے ہیں انہوں نے بھی حکومت میں رہتے ہوئے ایسا ہی کیا تھا، ظلم اس وقت بھی ہو رہا تھا ظلم آج بھی ہو رہا ہے۔
شیر افضل مروت نے عدالت کو باور کرایا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے کوئی رپورٹ نہیں آئی، جس پر عدالت نے آئی جی پنجاب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ڈی ایس پی لیگل کو سیل کی گئی ایف آئی آر کی نقول جمع کرانے کی ہدایت کردی۔