جوڈیشل کمیشن اجلاس: پشاور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیےکن ناموں پر غور کیا گیا؟


پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور ہائیکورٹ میں 9 ایڈیشنل ججز کے معاملے پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم ہوگیا ہے۔
اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز کے لیے 3 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور 6 وکلا کے ناموں پر غور کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز میں کلیم ارشد، فرح جمشید اور انعام اللہ خان شامل ہیں جبکہ وکلا میں جنید انور، مدثر امیر اور اورنگزیب شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایڈوکیٹ جواد احسان اللہ صلاح الدین اور صادق علی کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم ختم ہوگیا ہے اور اب سندھ ہائیکورٹ میں 13 ایڈیشنل ججز کی تقرری سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس شاہد بلال کی آئینی بینچ میں شمولیت پر بھی متوقع طور پر غور کیا جائے گا۔ آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں کے کیس میں جسٹس عائشہ ملک کی جگہ نئے جج کی شمولیت کے لیے کمیشن سے رجوع کیا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے ااج ہونے والا جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کرنے کے لیے گزشتہ روز 2 خطوط لکھے تھے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ایک خط چیف جسٹس اور دوسرا جوڈیشل کمیشن کو لکھا تھا، جسٹس منصور علی شاہ نے رولز بنائے بغیر ججز تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔