کوئٹہ، گیس بندش کیخلاف شہریوں کا حتجاجاً روڈ بلاک، گیس کی ترسیلی نظام معمول کے مطابق کام کر رہا ہے، سوئی سدرن


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے مختلف علا قوں میں گیس لو ڈ شیڈنگ کا سلسلہ جار ی ہے ۔ اسپنی روڈ پر گیس بندش کی وجہ سے شہریوں کااحتجاج ، روڈبھی بلاک کردیا۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ اور اس کے اطراف میں سوئی سدرن کا ترسیلی نظام معمول کے مطابق روانی سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ قدرتی گیس میں بنیادی طور پر کوئی بو نہیں ہوتی، اس لیے اوڈورنٹ کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ گیس کی موجودگی اور ممکنہ لیکج کی نشاندہی کی جا سکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ سوئی سدرن عوام کی آگاہی کے لیے اپنے پائپ لائن نیٹ ورک میں اوڈورنٹ آئل شامل کرتی ہے، اور یہ عمل سالانہ بنیادوں پر کیا جاتا ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ موسم سرما میں بعض افراد مناسب حفاظتی تدابیر اختیار نہیں کرتے، جس کے باعث بو کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو احتیاط کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔ایک اہم اطلاع دیتے ہوئے، سوئی سدرن کے ترجمان نے بتایا کہ لڑکیوں کے ہاسٹل میں شکایات موصول ہوئی ہیں، لیکن دیگر مقامات سے ایسی کوئی شکایات سامنے نہیں آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکنہ طور پر ہاسٹل کے اندرونی فٹنگز میں لیکج کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔انہوں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمرے میں ہیٹر استعمال کرتے وقت مناسب حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ایگزاسٹ آن کریں اور کھڑکی یا دروازہ تھوڑا سا کھول کر رکھیں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ، سوتے وقت گیس پر چلنے والے تمام آلات جیسے ہیٹر اور گیزر وغیرہ بند کر دینے چاہئیں۔