ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ ایکٹ کے تحت پہلی ایف آئی آر درج


پشاور(قدرت روزنامہ)ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ ایکٹ کے تحت اینٹی کرپشن سرکل پشاور میں پہلا مقدمہ درج کرکے 3 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار پولیس اہلکاروں میں اے ایس آئی فہیم خان، ہیڈ کانسٹیبل سید محمد اور ہیڈ کانسٹیبل فرمان خان شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان چوکی ابوہا سوات میں تعینات تھے۔ گرفتار ملزمان نے ایک شہری کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا اور بعد ازاں مقدمہ درج کر کے گرفتاری ظاہر کی۔
ملزمان غیر قانونی حراست کے دوران محمد سلیمان نامی شہری پر تشدد بھی کرتے رہے جس سے شہری کی موت واقع ہو گئی تھی۔ متاثرہ شہری کی پوسٹمارٹم رپورٹ حاصل کر لی گئی ہے۔ ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔