9 مئی مقدمات؛ جے آئی ٹی رپورٹ میں پی ٹی آئی قیادت اور کئی رہنما مجرم قرار
پی ٹی آئی قیادت نے 9 مئی کو عوام کو اکسایا، اسد عمر، اعظم سواتی سمیت دیگر ملزمان گناہگار ہیں، تفتیش
لاہور(قدرت روزنامہ)9 مئی مقدمات میں جے آئی ٹی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی، جس میں پی ٹی آئی قیادت اور کئی رہنماؤں کو مجرم قرار دیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے مختلف مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جے آئی ٹی نے تفتیش مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ہے، جس میں تفتیش کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے 9 مئی کو عوام کو اکسایا۔
جے آئی ٹی تفتیش کے مطابق اسد عمر ، اعظم سواتی ، حافظ فرحت سمیت دیگر ملزمان گنہگار ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت بھی گنہگار ہے۔
دوران سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ملزمان کے وکلا سے استفسار کیا کہ آپ بتا دیں تاریخ چاہیے، پہلے آپ کہہ رہے تھے کہ تفتیش مکمل کریں اب ہو گئی ہے تو بحث کریں۔
بعد ازاں عدالت نے ملزمان کے وکلا کو دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر 14 جنوری کو طلب کر لیا ۔
جناح ہاؤس حملہ اور دیگر مقدمات میں بھی ملزمان مجرم قرار
علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس حملہ ،تھانہ شادمان جلاؤ گھراؤ سمیت سانحہ 9 مئی کے 5 مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی، جس میں تفتیشی افسر نے اپنی رپورٹ میں ملزمان کو 4 مقدمات میں مجرم قرار دے دیا ۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے جمشید اقبال چیمہ ، مسرت جمشید چیمہ کے خلاف 4 مقدمات میں تفتیشی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل کے روبرو پیش کی۔ اس موقع پر جمشید اقبال چیمہ ، مسرت جمشید چیمہ ، مزمل مسعود عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔