سیکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آپریشن، 22 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے تین اضلاع میں آپریشن، 6 خوارج زخمی حالت میں گرفتار


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 3 علیحدہ کارروائیوں میں 22 خوارجیوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 6 اور 7 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تین علیحدہ کارروائیوں کے دوران 22 خوارج کو ’جہنم واصل‘ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک کے علاقے گل امام میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اور کارروائی کے دوران فورسز نے دشمن کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 9 خوارج ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کرلیا گیاہے۔
فورسز نے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی جس کے دوران 10 خوارج ہلاک ہوئے اور تیسری جھڑپ ضلع تھل میں اس وقت ہوئی جب خوارج نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی۔
اعلامیے کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 3 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔