بیٹی کے رشتے کے وقت انکوائری ضروری تھی ، شاہین کی ہر کسی نے تعریف کی، شاہد آفریدی کا انکشاف
کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کو کپتان بنانے کے حق میں نہیں تھا، بابر کے بعد بہترین چوائس رضوان ہی تھے، جب شاہین کو بنادیا گیا تھا تو ایک سیریز کے بعد ہٹانا غلط تھا، اس کو وقت ملنا چاہیے تھا۔
آرٹس کونسل کراچی میں ہونے والی اردو کانفرنس میں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ چیئرمین کے ساتھ سب کچھ ہی بدل جاتا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آج کل جس کا جو دل چاہے کہہ دیتا، آپ تنقید کریں لیکن الفاظ کا چناؤ بہتر کریں، آپ ڈاکٹر انجینئر بن جائیں گے لیکن تربیت بھی ساتھ اہم ہے، بزرگوں سے کہوں گا کہ بچوں کو ٹک ٹاک کی دنیا سے باہر لاکر اصلی دنیا میں لائیں۔سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم نے کہا کہ شاہین کے بارے میں ہر کسی نے تعریف کی تھی، بیٹی کے رشتے کے وقت انکوائری تو ضرور ہوتی ہے، ابھی خود کو نانا نہیں مانتا جب پانچویں بیٹی کی شادی ہوگی تو پھر نانا مانوں گا۔