پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی دم توڑ دے گی، وزیر دفاع خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی دم توڑ دے دی، یہ تحریکیں تب کامیاب ہوتی ہیں جب عوام کا انحصار ریاست پر نہ ہو، اس وقت تو ریاست عوام کو تمام بنیادی سہولیات مہیا کررہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی اسلام آباد پر جو حملے ہوئے وہ ناکام رہے، سول نافرمانی کی تحریکیں انگریز کے دور میں کامیاب ہوتی تھیں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اس سے قبل بھی اسلام آباد دھرنے کے دوران بل جلایا تھا لیکن کسی نے عمل نہیں کیا، وہ کون شخص ہوگا جو بل جمع نہ کروا کر اپنی فیملی کو بجلی اور گیس جیسی سہولیات سے محروم کرےگا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو سیاسی معاملات کی سمجھ نہیں لیکن ان کو مالی معاملات کی سمجھ بہت زیادہ ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ بشریٰ بی بی کے بقول انہیں ڈی چوک میں اکیلا چھوڑ دیا گیا، اگر ایسا ہے تو پھر عمر ایوب اور علی امین گنڈاپور انہیں چھوڑ کر خود چلے گئے۔ لیکن میں نے ویڈیو دیکھی جس میں بشریٰ بی بی خود جارہی تھیں۔
وزیر دفاع نے کہاکہ عمران خان ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کریں گے، تاہم اب خبروں میں آرہا ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میرے خیال میں اب اس کا آغاز اسمبلی سے ہونا چاہیے، اگر وہ اسمبلی کو چلانا چاہتے ہیں تو حقیقی اپوزیشن کریں۔
خواجہ آصف نے مزید کہاکہ ڈی چوک پر پی ٹی آئی پنجاب کی کوئی قیادت نظر نہیں آئی، جبکہ خیبرپختونخوا سے بھی کوئی ایم این اے نظروں سے نہیں گزرا۔
واضح رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔