کوئٹہ درجہ حرارت منفی میں چلا گیا، مختلف علاقوں میں گیس غائب، شہریوں کو مشکلات کا سامنا


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں میں سردی کی لہر سے درجہ حرارت منفی میں چلا گیا، کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو کوئٹہ، پشین، ژوب، زیارت، سوراب ، قلات، مستونگ ، خانوزئی، مسلم باغ ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ سمیت ملحقہ علاقوں میں سرداور تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہا جس سے درجہ حرات منفی میں چلا گیا ، محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں درجہ حرارت منفی 5، کوئٹہ میں منفی 2، دالبندین میں 2، ژوب میں 4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں آج بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔دوسری جانب کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔