بلوچستان کی خواتین بہادر ہیں ہمیں مرد و عورت کی تفریق کو ختم کرنا ہوگا، ظہور بلیدی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین بہادر ہیں ہمیں مرد و عورت کی تفریق کو ختم کرنا ہوگا تب جاکر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، بچیوں کے پینٹنگز معاشرے میں ظلم، زیادتی کی نشاندھی کرتی ہے جو قبائلی، معاشرتی یا دیگر ہوں، ظلم و زیادتیوں کے خلاف یہ جہاد ہے جو اس ظلم کو آشکار کرے جب تک معاشرے کے سامنے ظلم اشکار نہیں کیا جاتا اس کے اثرات سے خواتین متاثر ہوتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرسی کور بلوچستان کے زیر اہتمام صوبائی کمیشن برائے خواتین، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق، عورت فانڈیشن، ایواجی الائنس و دیگر کے تعاون سے وومن پینٹنگ مقابلہ و نمائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر پلاننگ اور ڈویلپمنٹ میر ظہور احمد بلیدی تھے جبکہ اس موقع پر بلوچستان کمیشن آن دی سٹیٹس آف وومن کی چیئر پرسن فوزیہ شاہین، مرسی کور بلوچستان کے ٹیم لیڈر ڈاکٹر سعید اللہ، عورت فانڈیشن کے ریجنل ڈائریکٹر علائو الدین خلجی، ایواجی الائنس کی چیئر پرسن ثنا درانی، مرسی کور کے پروجیکٹ منیجر خالد کاسی ، پروگرام آفیسر جان محمد و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پینٹنگ مقابلہ میں مختلف سکولوں کے بچوں نے خواتین پر گھریلو تشدد کے خلاف پینٹنگز بنائیں، پینٹنگ مقابلہ و نمائش دنیا میں 16 روزہ ایکٹویزم مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد بچوں میں گھریلو تشدد سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے، 16 روزہ ایکٹویزم مہم کا اختتام 10 دسمبر کو عالمی انسانی حقوق کے دن ہوتا ہے۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ بچیوں کے پینٹنگز معاشرے میں ظلم، زیادتی کی نشاندھی کرتی ہے جو قبائلی، معاشرتی یا دیگر ہوں، ظلم و زیادتیوں کے خلاف یہ جہاد ہے جو اس ظلم کو آشکار کرے جب تک معاشرے کے سامنے ظلم اشکار نہیں کیا جاتا اس کے اثرات سے خواتین متاثر ہوتے رہیں گے۔ گھریلو تشدد کے خلاف آواز بلند کرنا سب کی ذمہ داری ہے حکومت بلوچستان نے تشدد کے خلاف مختلف قوانین پاس کئے، کم عمر شادی بل صوبائی کابینہ سے منظور ہو گئی ہے، ایسے زیادتیوں کے سد باب کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے سب سے زیادہ ضروری سماجی آگاہی ہے جس کے ذریعے معاشرے میں ڈسکریمینیشن خاتمہ ممکن ہے، ہر ماں باپ کو بچے و بچی میں فرق نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین بہادر ہیں انہیں مزید مواقعوں کی ضرورت ہے۔ انعامات حاصل کرنے والی بچیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ شرکا سے مرسی کور بلوچستان کے ٹیم لیڈر ڈاکٹر سعید اللہ، ایواجی الائنس کی چیئر پرسن ثنا درانی و دیگر نے کہا کہ 16 روزہ ایکٹویزم مہم کا اقوام متحدہ کے ذریعے آغاز ہوا تھا آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے جس میں ہر سال الگ تھیم رکھا جاتا ہے۔ اس سال کا تھیم متحد ہوکر خواتین و بچیوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ کرنا” ہے۔ پینٹنگ مقابلہ میں پہلا نمبر زیبا ناز دوسرا نمبر خدیجہ اور تیسرا نمبر سعدیہ نے حاصل کیا مہمان خصوصی میر ظہور بلیدی نے پینٹنگ میں پہلے ، دوسرے اور تیسرے نمبرز پر آنے والوں کو نقد انعامات اور دیگر شرکا میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔