مریم نواز آٹھ روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئیں، پرتپاک استقبال
وزیر اعلیٰ پنجاب کے8 روزہ دورے کی سرکاری مصروفیات کا آغاز کل سے ہوگا
بیجنگ(قدرت روزنامہ)پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی بلندی کی انتہاؤں کی طرف گامزن ہے، چین کے اشتراک سے پنجاب کو اقتصادی اور معاشی بلندیوں پر لیجانا چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کے آٹھ روزہ دورے پر بیجنگ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات میں کیا، جواباً سربراہ چینی وفد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور ان کے وفد کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ اداکرتے ہیں۔
قبل ازیں بیجنگ ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو بیجنگ ایئر پورٹ پہنچنے پر گلدستہ پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے استقبال کیلیے کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے 6 اعلیٰ عہدیدار ایئر پورٹ پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا استقبال کرنے والوں میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لن تاؤ، قونصلر ساؤتھ ایشین افیئرمسز لی جین یاؤن، بیورو آف ساؤتھ ایسٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر چن ژاینبو ساؤتھ ایشین افیئر اتاشی، سینگ گویو اور مس چن یو بو اور مس ژؤ چن یوشامل تھے۔
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور ان کی اہلیہ نے بھی خیر مقدم کیا، پاکستانی سفارت خانے کے دیگر افسران نے بھی پنجاب کے وفد کے استقبال کیلئے ایئر پورٹ پر موجود تھے۔
مریم نواز کے ہمراہ سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر مریم اورنگزیب،وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری،وزراء بلال اکبر،عاشق کرمانی اور دیگر افراد ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کے8 روزہ دورے کی سرکاری مصروفیات کا آغاز کل سے ہوگا، مریم نواز چین کے اسپتال ، اسکول اور دیگر اداروں کے دورے بھی کریں گی۔