’سادگی اور حسن کا راج‘ ماں بننے کے بعد دپیکا پہلی بار منظرِ عام پر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انڈیا کے معروف گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے بھارتی شہر بنگلورو میں منعقدہ کانسرٹ میں اس وقت لوگوں کو حیران کر دیا جب انہوں نے اداکارہ دپیکا پاڈوکون کا منفرد انداز میں متعارف کرایا۔ دپیکا کو دلجیت کا گانا ’تیرا نی میں لوّور‘ بہت پسند ہے، اسی لیے دلجیت نے ان کا اسٹیج پر استقبال بھی اسی گانے سے کیا جس سے وہ بظاہر بہت محظوظ ہوئیں۔
دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ کیا آپ لوگ یقین کر سکتے ہیں کہ دپیکا پاڈوکون ہمارے ساتھ ہیں؟ ان کا شاندار کریئر ہے اور ہم نے انہیں بڑے پردے پر دیکھا ہے۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں انہیں اتنے قریب سے دیکھوں گا۔ وہ انتہائی خوبصورت ہیں اور انہوں نے بالی وڈ میں اپنی جگہ صرف اپنی محنت سے بنائی ہے۔ ہم سب کو ان پر بہت فخر ہے۔
یہی نہیں دلجیت نے اپنے انسٹا گرام پر اس پروگرام کی جھلکی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوئین دپیکا پاڈوکون کا لومیناٹی-24 ٹور کے تحت بنگلور میں استقبال ہے۔
پھر کیا تھا کہ دپیکا پاڈوکون سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہیں اور ان کے پرستار ان کی سادگی اور ان کے حسن کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے۔ دپیکا اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد سے عوامی سطح پر پہلی بار کہیں نظر آئی ہیں۔ اس سے قبل وہ فلم سنگھم ریٹرنز میں نظر آئی تھیں۔
دیپیکا کے ہاں 8 ستمبر 2024 کو بیٹی کی پیدائش ہوئی اور ہندوؤں کے معروف تیوہار دیوالی کے موقع پر دپیکا اور ان کے شوہر اداکار رنبیر سنگھ نے بچی کی پہلی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ’اپنی بیٹی کا نام ’دعا‘ رکھا ہے کیونکہ یہ ان کی منتوں مرادوں اور دعاؤں کا ثمر ہیں۔ ہمارا دل محبت اور شکر کے جذبات سے لبریز ہے۔‘