پی ٹی آئی دور حکومت میں اتحاد تنظیمات مدارس کے ساتھ کیے گئے معاہدے میں تھا کیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت پاکستان کا 2019 میں اتحاد تنظیمات مدارس کے ساتھ کیا گیا معاہدہ سامنے آگیا ہے۔ معاہدہ پی ٹی آئی دور حکومت کے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیا تھا۔ معاہدے میں تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کروانے کا پابند کیا گیا تھا جبکہ رجسٹریشن نہ کروانے والے مدارس کو بند کرنے کا مشترکہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔
29 اگست 2019 کو اتحاد تنظیمات نے مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ تعلیم شفقت محمود معاہدہ اس وقت کے دور حکومت کے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیا تھا۔ جس میں تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کروانے کا پابند کیا گیا تھا۔
وزارت تعلیم کو مدارس کے اعداد و شمار اکٹھے کرنے کی واحد مجاز اتھارٹی تسلیم کیا گیا تھا۔ رجسٹریشن نہ کروانے والے مدارس کو بند کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔ مدارس کو بینکوں میں اکاؤنٹس کھولنے کا پابند بھی کیا گیا تھا۔
معاہدے میں غیر ملکی طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ یکساں نصاب کے اہداف طے کیے گئے تھے۔ معاہدہ تعلیمی اصلاحات کے لیے کیا گیا تھا جبکہ حکومت نے مالی امداد اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔