بدعنوانی کسی بھی معاشرے کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، عبد الواحد کاکڑ
یہ انصاف، مساوات، اور خوشحالی کے حصول کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن کر کھڑی ہوتی ہے، ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان عبد الواحد کاکڑ نے کہا کہ بدعنوانی کسی بھی معاشرے کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور یہ انصاف، مساوات، اور خوشحالی کے حصول کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن کر کھڑی ہوتی ہے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم شفافیت، احتساب، اور انصاف کے اصولوں کو فروغ دے کر ایک بدعنوانی سے پاک بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عالمی بدعنوانی ڈے کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنے معاشرے میں بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھائیں اور ایسے اقدامات کریں جو ہمیں ایک صاف ستھرا اور روشن مستقبل کی طرف لے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آئیں، اس عالمی دن پر، ہم سب مل کر اس عزم کا اظہار کریں کہ ہم کسی بھی قسم کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کریں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر معاشرہ تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔بلوچستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
بدعنوانی آج کے معاشرے کا بد ترین ظلم بن چکی ہے ۔ عبد الواحد کاکڑ نے کہا کہ کرپشن کو روکنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان بھی ان ممالک میں سے ایک ہے ، جو بد عنوانی سے بری طرح متاثر ہوا۔