شہباز حکومت کا بڑا فیصلہ! بیرون ملک نئی تعیناتیوں کا اعلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)شبہاز حکومت نے بیرون ملک بڑے پیمانے پر ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اس عمل کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اگلے سال خالی ہونے والی آسامیوں پر گریڈ 18 سے گریڈ 21 تک کے افسران تعینات کیے جائیں گے۔
لاس اینجلس، بیجنگ، پیرس سمیت اہم عالمی شہروں میں نئے ٹریڈ افسران تعینات کیے جائیں گے۔ اسی طرح استنبول، برسلز، ڈھاکہ، اور دوشنبے میں بھی تعیناتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید برآں، دوحہ اور فرینکفرٹ کو بھی نئی تعیناتیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔حکومت نے نجی شعبے اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 10 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امیدواروں کو تحریری امتحان اور انٹرویو کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔ ان افسران کی تعیناتی 3 سال کی مدت کے لیے کی جائے گی۔وزیر اعظم نے انٹرویوز کے لیے ایک خصوصی بورڈ تشکیل دے دیا ہے، جس کی سربراہی وزیر تجارت کریں گے۔
بورڈ میں سیکریٹری تجارت، سیکریٹری خارجہ، اور سیکریٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن بھی شامل ہوں گے، جبکہ وزیر تجارت کو نجی شعبے سے ایک ماہر کو بورڈ میں شامل کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔انٹرویو بورڈ کو امیدواروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے 40 نمبر تک دینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ انٹرویوز مکمل ہونے کے بعد سمری وزیر اعظم کو منظوری کے لیے بھیجی جائے گی۔یہ فیصلہ پاکستان کے عالمی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *