ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی،ٹریوس ہیڈ اور سراج کو بطور سزا جرمانہ یا معطل کئے جانیکا امکان


ایڈیلیڈ (قدرت روزنامہ)آسٹریلوی کرکٹر ٹریوس ہیڈ اور بھارت کے محمد سراج کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا ملنے کا امکان ہے۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز اتوار کو آسٹریلیا نے 19 رنز کا مطلوبہ ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 180 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ تاہم میچ کے دوران آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ کو 140 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد محمد سراج نے اشتعال انگیز انداز میں جشن منایا جس پر ٹریوس ہیڈ نے بھی نامناسب سلوک کیا۔
میچ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد محمد سراج کو سابق آسٹریلوی کرکٹرز اور کمنٹیٹرز کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اب آسٹریلوی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ٹریوس ہیڈ اور محمد سراج ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں اور دونوں کرکٹرز کو باقاعدہ سزا دینے کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب آسٹریلوی میڈیا نے خبر دی ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کرکٹرز پر جرمانہ یا سخت تنبیہ کی جائے گی، جب کہ ان کے ماضی کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے ان کی معطلی کا فیصلہ بھی ممکن ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *