بھارت کو کرکٹ کے میدان میں ایک ہی روز میں تین دھچکے


بھارت(قدرت روزنامہ)بھارت کی قومی اور انڈر 19 مینز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ ساتھ خواتین کی قومی ٹیم کو بھی شکست ہوئی اور یوں بھارت کو کرکٹ کے میدان میں ایک ہی روز میں آج تین دھچکے لگے ہیں۔
مینز ٹیم کو آسٹریلوی ٹیم کے ہاتھوں شکست
آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی ہے۔بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 3 دن میں اتوار کے روز ( آج ) ختم ہوگیا اور کینگروز نے 19 رنز کا ہدف باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کر کے 10 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔
پہلی اننگ
دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگ میں پوری ٹیم 180 رنز ڈھیر ہوگئی تھی، نتین کمار ریڈی 42 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ کینگرور کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگ میں 337 رنز بنا کر بھارت پر 157 رنز کی برتری حاصل کی۔
دوسری اننگ
دوسری اننگ میں بھی بھارتی بیٹرز مشکلات کا شکار رہے اور پوری ٹیم 175 رنز پر پویلین لوٹ گئی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو محض 19 رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگ میں نیتھن میک سوئینی نے 10 اور عثمان خواجہ نے 9 رنز بنا کر مطلوبہ ہدف مکمل کرلیا۔
بھارتی انڈر 19 ٹیم کو ایشیا کپ کے فائنل میں شکست
دوسری جانب اتوار ( آج ) کے ہی روز بنگلا دیش نے بھارت کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔اتوار کے روز دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بنگلا دیش نے بھارت کو 59 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ایونٹ کے فائنل معرکے میں بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.1 اورز میں 198 رنز بنائے اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی جبکہ رزان ہوسن 47 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے۔بھارت کی جانب سے چیتن شرما اور ہاردک راج نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 35.2 اووز میں 139 رنز ڈھیر ہوگئی اور میچ میں 59 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بھارت کی جانب سے کپتان محمد امان 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔بنگلا دیش کی جانب سے اقبال حسین اور عزیزالحکم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
ویمنز ٹیم کو شکست
بھارت کو کرکٹ می ایک ہی دن میں تیسری شکست کا سامنا آسٹریلوی ویمنز ٹیم کے ہاتھوں اپنی ویمنز ٹیم کی شکست کی صورت میں کرنا پڑا۔برسبین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلوی ویمنز ٹیم کو بھارتی ویمنز ٹیم کو 122 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنائے اور بھارت کو 372 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارتی ویمنز ٹیم 44.5 اوورز میں 249 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔