ہم کسی کے ماتحت نہیں،اسلام آباد آنے کا فیصلہ کیا تو کوئی ہمارا راستہ نہیں روک پائے گا، فضل الرحمن کی دھمکی

اگر ہم نے آنے کا فیصلہ کیا تو تمہاری گولیاں ختم ہوجائیں گی لیکن ہمارے سینے ختم نہیں ہونگے، شرافت سے رہو ہم سے بڑا بدمعاش کوئی نہیں


پشاور(قدرت روزنامہ)سربرا جے یوآئی مولانا فضل الرحمن نے اسرائیل مردہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے آنے کا فیصلہ کیا تو تمہاری گولیاں ختم ہوجائیں گی لیکن ہمارے سینے ختم نہیں ہونگے، شرافت سے رہو ہم سے بڑا بدمعاش کوئی نہیں۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمنٹ میں چھوٹی قوت ہیں لیکن عوام میں ہمار ی پاور کا مقابلہ کوئی جماعت نہیں کرسکتی، بات چیت کے راستے سارے مسائل حل ہوئے، ترامیم بل ہم سے چھپایا جارہا تھا، کہا گیا کہ 9 گھنٹے میں ترامیم منظور کرنی ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آئین، جمہوریت، عدلیہ اور پارلیمنٹ کے ساتھ جو کیا جارہا تھا ہم نے اس کا راستہ روکا، دینی مدارس کے بل پر 9 ماہ بات کی حکومت نے خود ڈرافٹ منظور کیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ قوتوں نے مداخلت کی اور بل روک دیا گیا، ان کا خیال ہے ہم تھک جائیں گے اور بات ختم ہو جائے گی، حالانکہ پی ڈی ایم کے وقت اس بل پر اتفاق ہوا، ایک بل تیار ہوچکا ہے اسے کیوں منظور نہیں کیا جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے گھر پر ایک ماہ ملاقاتیں ہوتی رہیں، بلاول بھٹو سے کراچی اور نوازشرہف سے لاہور میں 5 گھنٹے ملاقات ہوئی، سینیٹ نے مسلم لیگ ن سمیت پیپلز پارٹی اور ساری جماعتوں نے حمایت کی، قومی اسمبلی میں وزیراعظم کی موجودگی میں بل منظور ہوا، پھر صدر آصف زرداری نے دستخط کیوں نہیں کیے، کیا یہ بدنیتی، دھوکا اور فراڈ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور میں تاریخی اجتماع کرکے پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ فلسطین اور فلسطینیوں کے حقوق ہیں اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے، ہم ایک مضبوط مؤقف پر قائم ہیں، امریکیوں کا کل بھی معلوم ہے اور آج بھی معلوم ہے، انہی مغربی طاقتوں نے جنگ عظیم اول اور دوم میں قتل عام کیا تھا اور اسی طرح افغانستان، عراق اور فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر کارکنوں سے پوچھا کہ اسلام آباد کی طرف مارچ کرتے ہیں کیا آپ لوگ تیار ہیں، یہ جنگ ہم جیتیں گے، مفتی تقی عثمانی نے بتایا مدارس کے اجلاس میں فیصلہ کریں گے، ہم کال دیں گے آپ تیار رہیں، آپ ہمیں آزما چکے ہیں، ہمیں دھمکیاں مت بھیجا کرو باوردی ایجنسیوں والو دھمکیوں سے ڈرتے نہیں بگڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری طرح کے مولویوں کو میڈیا پر لایا جا رہا ہے، مولویوں کو لڑوانے کی کوشش نہ کی جائے، دینی مدارس میں مداخلت قبول نہیں، مالیاتی نظام، نصاب، انتظامی ڈھانچے پر بات ہوئی اور معاملات طے ہوئے، 2010 میں معاہدہ طے ہوا تھا لیکن معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، مدارس محکمہ تعلیم کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے ماتحت نہیں ہوں گے۔