’شاہ سلمان‘ کتاب کے انگریزی ایڈیشن میں کیا کچھ بیان کیا گیا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زندگی پر لکھی گئی کتاب ’شاہ سلمان‘ کا انگریزی ایڈیشن بھی منظرعام پر آگیا اور اس کی تقریب رونمائی بھی منعقد ہوئی ہے۔
شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز، خادم حرمین شریفین کے خصوصی مشیر نے گزشتہ روز ’شاہ سلمان‘ کتاب کے انگریزی ایڈیشن کی رونمائی کی۔ یہ تقریب درعیہ بین الاقوامی فورم 2024 کے موقع پر منعقد ہوئی۔
افتتاحی تقریب میں شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز، دارة الملك عبدالعزيز کے چیئرمین اور شاہ فہد نیشنل لائبریری کے صدر، شہزادہ فہد بن سعد بن عبداللہ بن ترکی، درعیہ کے گورنر، درعیہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیری انزیرللو، اور آرامکو سعودی عرب کے نائب صدر برائے حکومتی تعلقات محمد الخالدی سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔
یہ کتاب خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زندگی کی تصویری جھلکیاں پیش کرتی ہے، جس میں ان کی ابتدائی زندگی، خاندان، نوجوانی کے ایام، اور سعودی عرب کی جدید ریاست کی تشکیل میں ان کے قائدانہ کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کتاب میں خادم حرمین شریفین کے سماجی، ثقافتی، اور اقتصادی کارناموں کے ساتھ ساتھ ان کے عالمی اثرورسوخ اور مستقبل کی بصیرت پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
کتاب میں 500 سے زیادہ تصاویر شامل ہیں۔ یہ تراث فاؤنڈیشن کے ایک اقدام کے تحت آرامکو سعودی عرب کے تعاون سے شائع کی گئی ہے۔