نشو بیگم کے بیٹی صاحبہ کے ساتھ تعلقات کیوں کشیدہ ہوئے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق پاکستانی فلم آرٹسٹ نشو بیگم اسٹار اداکارہ صاحبہ کی والدہ ہیں، وہ رنگیلا، جال، ٹائیگر گینگ، انسان اور گدھا، کبریٰ عاشق، بہشت، فراز، شکوہ اور دیگر جیسی فلموں میں نظر آچکی ہیں۔
ان کی حالیہ مقبول فلم باجی تھی جس میں انہوں نے میرا کی ماں کا کردار ادا کیا تھا، ان کو شوبز کی دنیا میں نشا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
نشو بیگم اب یوٹیوب پر اپنا ویلاگ بھی کرتی ہیں، ویلاگز میں وہ اکثر اپنے خاندانی مسائل کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی بیٹی صاحبہ کے ساتھ اپنے پیچیدہ تعلقات کی وجہ بتائی، انہوں نے کہا۔ ’میں بہت عزت دار اور سیدھی سادی انسان ہوں، میں ان سے معافی مانگ سکتی تھی لیکن جب میں نے اس سلسلے میں کوئی غلطی نہیں کی تو معافی کیوں مانگوں۔‘
انہوں نے کہا کہ دونوں میاں بیوری مجھے چھوڑ کر خوش ہیں تو رہنے دو، یہ ان کے گھر کو بچا رہا ہے،اگر وہ مجھ سے نہیں ملنا چاہتے تو ٹھیک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاحبہ اور ان کے شوہر کو میرے خلاف ویڈیو یوٹیوب پر پوسٹ نہیں کرنی چاہیے تھی۔ باوقار خاندان سے تعلق رکھنے والے لوگ یوٹیوب پر ذاتی معاملات پر بات نہیں کرتے، لیکن انہوں نے اس کے بارے میں عوام میں بات کی۔
نشوجی نے کہا کہ انہوں نے فلم انڈسٹری میں تو راج کیا ہی ہے ساتھ ہی انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ باعزت زندگی گزاری ہے۔
’میں نے پاشا صاحب کے ساتھ 30 سال تک ایک چوہدرانی بن کر زندگی گزاری ہے، اپنے گاؤں کے چوہدری تھے وہ، عشراوقاف کے چیئرمین تھے وہ، انہوں نے الیکشن بھی لڑا، پائلٹ تھے وہ، ہم اپنے گاؤں کی زمینوں میں جاتے تھے، بڑے نوکر چاکر میرے ارد گرد ہوتے تھے، میں نے بچی کو خوشحالی میں پالا ہے۔‘
یاد رہے کہ نشو بیگم نے کچھ دن قبل اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں اپنی بیٹی صاحبہ کو دیکھے ہوئے 8 مہینے ہو گئے ہیں اور اس دوری کی وجہ صاحبہ کے والد ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس صورتحال کو قبول کرچکی ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ قبل اداکارہ صاحبہ کی اپنے حقیقی والد سے پہلی بار ملاقات ہوئی تھی، لیکن اس ملاقات کے بعد ان کے اپنی والدہ نشو بیگم کے ساتھ تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔