پاکستان امیر قطر کے دورہ پاکستان کا بے صبری سے منتظر ہے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امیر قطر تمیم بن حمد الثانی کے دورہ پاکستان آنے کا بے صبری سے منتظر ہے، پاکستان اور قطر کی دوستی لازوال ہے، دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔
پیر کی شب قطر کے قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قطر کی حکومت اور پوری قوم کو قومی دن پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم امیر قطر کے دورہ پاکستان کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ان کا دورہ یقینی طور پر ہمارے برادرانہ تعلقات کو فروغ دے گا اور ایسے تعلقات میں تبدیل ہو جائے گا جہاں ہم قطری سرمایہ کاری کو باہمی فائدے کے طور پر استعمال کر سکیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی قطر پاکستانی نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بہت آگے ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں انتہائی مہارت رکھتے ہیں اور ہم انہیں قطر بھیجنے کے لیے ایک بہت جامع پروگرام بنا رہے ہیں اور وہ ہمارے برادر ملک میں پاکستان کے عظیم سفیر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم دوستی کے اس بندھن کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں اور ہم مل کر ان شا اللہ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بھائی اور لبنان کے وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلیفون پر بات کی ہے اور ان سے فوری مدد کی درخواست کی ہے کہ وہ تقریباً 350 پاکستانی باشندے جو دمشق میں پھنسے ہوئے ہیں انہیں وہاں سے نکالنے میں پاکستان کی مدد کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دمشق میں ہوائی اڈہ بند ہے اور وہاں پھنسے پاکستانی جلد از جلد پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں۔ زمینی راستے سے بیروت جانے اور وہاں سے انہیں بیروت کے رفیق الحریری ہوائی اڈے سے پرواز میں سوار کرنے کے لیے لبنانی وزیر اعظم سے بات چیت ہو چکی ہے۔
میرے ٹیلیفون کے جواب میں لبنانی وزیر اعظم نے کہا کہ بھائی شہباز شریف ہم بھائی ہیں، کوئی مسئلہ نہیں ہم مددفراہم کریں گے، ان تمام پاکستانیوں کو بیروت آنے دیں۔
ہم انہیں سہولتیں فراہم کریں گے اور جو بھی ممکن ہوگا ان کے قیام کو آرام دہ بنائیں گے اور وہ جلد از جلد وطن واپس آجائیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ وہاں پھنسے تمام پاکستانی اب محفوظ ہیں اور وہ جلد از جلد وطن واپس آ جائیں گے۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور پاکستان کے لیے قطر کے سفیرعلی مبارک علی عیسیٰ الخطر نے قطر کے قومی دن کا مشترکہ طور پر کیک کاٹا، وزیراعظم نے قطری سفیر اور ان کی پوری قوم کو قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔