ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد سراج، ٹریوس ہیڈ پر پابندی اور جرمانہ عائد
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوران قوائد و ضوابط اور قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے پر بھارت کے فاسٹ بولر محمد سراج اور آسٹریلین بلے باز ٹریوس ہیڈ پر جرمانہ عائد کیا ہے۔
بھارت کے فاسٹ بولر محمد سراج اور ٹریوس ہیڈ کو بارڈر گواسکر سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوران میدان میں ایک دوسرے پر سخت جملے کسنے کے واقعے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
سراج پر آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہونے پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جس کا تعلق میدان میں غلط زبان، حرکت یا اشاروں کے استعمال سے ہے۔
ڈریوس ہیڈ کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ برائے پلیئرز اینڈ پلیئر سپورٹ اسٹاف کے آرٹیکل 2.13 کی خلاف ورزی پر بھی سزا سنائی گئی ہے، جو بین الاقوامی میچ کے دوران کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف، امپائر یا میچ ریفری کے ساتھ بدسلوکی سے متعلق ہے۔
محمد سراج اور ٹریوس ہیڈ کو ان کے ڈسپلنری ریکارڈ پر ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ملا ہے، جو گزشتہ 24 ماہ میں ان کا پہلا جرم ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور میچ ریفری رنجن مدوگالے کی تجویز کردہ سزا کو قبول کرلیا ہے۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ایڈیلیڈ میں گلابی گیند سے کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے لیے کھیلی جانے والی5 میچوں کی سیریز کے دوران بھارتی اور آسٹریلوی کھلاڑی میچ کے دوران ایک دوسرے پر غصے سے بھڑک اُٹھے تھے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹریوس ہیڈ کو محمد سراج نے 140 رنز کی شاندار اننگز کے بعد آؤٹ کر دیا، جس کے بعد بھارتی فاسٹ بولر نے ڈریسنگ روم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آسٹریلوی اسٹار کو رخصت کیا اور زبان سے کچھ جملے بھی کہے۔
وکٹ کے بعد بھارتی بلے باز محمد سراج اور آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ کے درمیان مختصر جملوں کا تبادلہ ضرور ہوا لیکن جب سراج بھارت کی دوسری اننگز کے دوران بیٹنگ کے لیے آئے تو دونوں نے میدان میں صلح کرلی تھی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پرتھ میں 295 رنز سے شکست کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ ٹریوس ہیڈ نے 141 گیندوں پر 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا کے فاسٹ بولرز نے سازگار حالات میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں مچل اسٹارک نے پہلی اننگز میں 6 جبکہ دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں، اسی طرح پیٹ کمنز پہلی اننگز میں 2 اور دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسکاٹ بولنڈ نے پہلی اننگز میں 2 اور دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کر کے ٹیسٹ میچ کو اپنے نام کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس فتح نے آسٹریلیا کو عارضی طور پر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی درجہ بندی میں ٹاپ پر پہنچا دیا تھا، تاہم سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو واپس دوسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے جبکہ بھارت تیسرے نمبر پرآ گیا ہے۔