بلوچستان کے شمالی علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کا راج، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے شمالی علاقوں میں قندھار کی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیارت اور قلات میں بھی پانی جمنے لگا۔
قندھار کی تیز ٹھنڈی ہواؤں سے کوئٹہ اور بلوچستان کے شمالی علاقوں زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلات اور زیارت سمیت مستونگ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجہ نیچے گر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں رواں ہفتے خشک سردی میں اضافہ ہوگا جبکہ اگلے دو سے تین روز میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔
درجہ حرارت نقطہ انجماد گرنے سے سڑکوں اور گلیوں میں کھڑا پانی جمنے لگ گیا، دوسری جانب سخت سردی کی آمد کے ساتھ ہی سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پریشر نہ ہونے کے برابر ہو جانے کے باعث شہری پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔
ایک جانب زیارت کے باسی بھی سرد موسم میں سوئی گیس کے نہ ہونے کی شکایات کررہے ہیں تو دوسری جانب منگچر، مستونگ اور قلات کے مشتعل شہریوں نے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کردیا جبکہ کوئٹہ میں سوئی گیس کی عدم دستیابی کے ستائے شہریوں نے شاہراہیں بلاک کرکے ٹائرجلا کر اپنا غصہ کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *