ٹرمپ کا غیرقانونی تارکین وطن کی پیدائشی شہریت ختم کرنے کا اعلان
واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں پیدا ہونے غیرملکی اور غیرقانونی طور مقیم تارکین وطن کے حوالے سے ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق، دونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ انہیں امریکا میں موجود تمام غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے اور پیدائشی شہریت ختم کرنے سمیت انتخابی مہم کے کیے گئے تمام وعدوں کو فوری پورا کرنا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم امریکی آئین میں درج پیدائشی شہریت کو ختم کردیں گے، اگر ہم انتظامی کارروائی کے ذریعے ایسا کرسکتے ہیں تو اس پر جلد عمل کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران بھی کئی مرتبہ پیدائشی شہریت فراہم کرنے پر بائیڈن حکومت کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی سرزمین میں پیدا ہونے والے کسی بھی بچے کو خود بخود امریکی شہریت کا اہل قرار دینے سے متعلق قائد و ضوابط تبدیل ہونے چاہییں۔
ڈونلڈ ٹرمپ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ اس صورتحال میں فوجی دستوں اور مقامی رہنماؤں پر انحصار کریں گے، اور ان لوگوں کے لے مہم چلائیں گے جو ان کے ملک بدری کے ایجنڈے کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔