پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں موسمیاتی تبدیلی پر کیا دلائل دیے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے آج موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ریاستوں کی ذمہ داریوں پر مشاورتی رائے سے متعلق کیس میں زبانی دلائل دیے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق یہ زبانی دلائل آج ہیگ میں عالمی عدالت انصاف کے سامنے دیے گئے ہیں۔ کیس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے منظور شدہ قرارداد کی پیروی کے طور پر شروع کیا گیا۔ کیس ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا شدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں ریاستوں کی ذمہ داریوں پر ICJ کی مشاورتی رائے پیش کرنے کی کوشش ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق عدالت کے سامنے پاکستان کی پیشی نے ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے لاحق خطرات کو اجاگر کیا، اس میں ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ یہ تعاون ایکویٹی اور مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں (CBDR-RC) کے قائم کردہ اصولوں پر مبنی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئی سی جے کی مشاورتی رائے سے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر ریاستوں کو قابل قدر رہنمائی فراہم کرنے کی امید ہے۔ ان کارروائیوں میں پاکستان کی شرکت موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے اس کے مضبوط عزم کو ظاہر کرتی ہے۔