ایف بی آر کا بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کو 1200 ڈالر سے زائد اشیا لانے پر پابندی کا فیصلہ
1200 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیا کمرشل ٹریڈنگ تصور کی جائے گی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) نے بیگج اسکیم کے تحت بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو اپنے ساتھ کمرشل مقدار میں اشیا لانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 1200 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیا کمرشل ٹریڈنگ تصور کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے بیگج رولز 2006 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر کے اسٹیک ہولڈرز سے آراء کے لیے جاری کردیا ہے مجوزہ رولز کے بارے میں سات دن کے اندر اندر آراء و تجاویز دی جاسکتی ہیں اور مقررہ معیاد کے بعد موصول ہونے والی تجاویز و آراء کو قبول نہیں کیا جائے گا مقررہ معیاد تک آراء و تجاویز موصول نہ ہونے پر گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے مجوزہ رولز لاگو کر دیے جائیں گے۔
بیگج اسکیم کے تحت بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کو اپنے ذاتی استعمال کے لیے صرف ایک موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت ہوگی، مجوزہ رولز میں کہا گیا ہے کہ ایک فون کے علاوہ باقی جو بھی موبائل فون ہوں گے وہ ضبط کر لیے جائیں گے۔
بیگج اسکیم کے تحت بارہ سو ڈالر سے زائد مالیت کی اشیا ساتھ لانے والے مسافروں کی اشیا ڈیوٹی و ٹیکسوں اور جرمانوں کی ادائیگی پر بھی کلیئر نہیں کی جائیں گی۔