بشریٰ انصاری نے عمران اشرف اور سجل علی کی شادی کروادی؟
بشریٰ انصاری کی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے
کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری نے حال ہی میں کراچی میں ہونے والی عالمی اردو کانفرنس میں شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے اداکار عمران اشرف اور سجل علی کے حوالے سے ایک دلچسپ خبر پر بات کی جو جان کر خود عمران اشرف بھی حیران ہوگئے۔
بشریٰ انصاری نے عمران اشرف سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا تمہیں معلوم ہے کہ میں نے تمہاری اور سجل علی کی شادی کروا دی ہے؟
اداکارہ نے کہا کہ ایک خبر کے مطابق، میں نے تم دونوں کی شادی کروا دی ہے۔ میں نے ایک دن پڑھا کہ بشریٰ انصاری نے عمران اشرف کی شادی اداکارہ سجل علی سے کروا دی ہے۔‘
اس پر عمران اشرف نے وضاحت دی کہ سجل علی ان کے لیے بہن کی طرح ہیں۔ جس پر بشریٰ انصاری نے مذاقاً کہا، ’عمران، شادی کر لو یا کسی کے ساتھ بھاگ جاؤ، ہم بعد میں اسے قبول کر لیں گے۔‘
عمران اشرف نے بتایا کہ وہ ابھی تک غیر شادی شدہ ہیں اور اُن کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ بشریٰ انصاری کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی اور ان کے مداحوں نے اداکارہ کے انداز کو بے حد سراہا۔