جی ایچ کیو حملہ کیس، شیخ رشید کی درخواست بریت مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف دائر پٹیشن بھی مسترد

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس محمد سرفراز ڈوگر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواست پر سماعت کی


لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں بریت سے متعلق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے فیصلے کیخلاف دائر پٹیشن بھی مسترد کر دی۔
شیخ رشید کی جانب سے دائر پٹیشن میں اے ٹی سی کی جانب سے درخواست بریت مسترد کرنے کےفیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس محمد سرفراز ڈوگر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواست پر سماعت کی جس کے دوران وکیل صفائی سردار عبد الرازق نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کے خلاف استغاثہ کے پاس کوئی شواہد اور گواہ موجود نہیں۔
وکیل نے دلائل دیے کہ شیخ رشید کو ایک ملزم کے اعترافی بیان پر مقدمہ میں نامزد کیا گیا اور ان پر الزام ہے کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے زوم کے ذریعے آن لائن میٹنگ میں شرکت کی۔
وکیل نے کہا کہ قانون کے مطابق شریک ملزم کا بیان کسی ملزم کے خلاف بطور ثبوت پیش نہیں ہو سکتا۔
تاہم ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے شیخ رشید کی بریت کی استدعا مسترد کر دی۔