بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا کہ پاکستان میں رقوم بھیجنا بند کردیں،علیمہ خان
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں رقوم بھیجنا بند کر دیں ۔
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ لاعلم میں کہ ڈی چوک میں کتنی شہادتیں ہوئیں اور کتنے لوگ زخمی ہوئے ، انھیں نہیں پتہ کتنے لوگ لاپتہ ہیں،ابھی تک 200سے زائد کارکنان لاپتہ ہیں، لاپتہ کارکنان کے حوالے سے شک ہے کہ وہ بھی شہید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی لا پتہ کارکنان کے حوالے سے فکر مند ہیں ،15 دسمبر کو یوم شہداء کا دن مقرر کیا گیا ہے،پشاور سمیت دنیا بھر میں کارکنان اس دن دعا کریں گے، عمران خان کا کہنا ہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نہیں چل سکتا،ہم اس نظام کو قبول نہیں کریں گے ۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ9مئی کے بعد اب 26 نومبر کا مطالبہ بھی مطالبات میں شامل کر لیاہے، سپریم کورٹ کے3سینئر ججز پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے ، دونوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں، ہمارے گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے اور غیر قانونی مقدمات ختم کیے جائیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے اورسیز پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں رقوم بھیجنا بند کر دیں ، اوورسیز پاکستانیوں نے ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔
قبل ازیں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات ختم ہوئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی سے علیمہ خان، عظمی خانم، نورین خانم نے ملاقات کی۔
جیل ذرائع کے مطابق ملاقات اڈیالہ جیل میں ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی۔
بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کی ملاقات جاری ہے۔