جنرل (ر) فیض حمید کو چارج شیٹ کیے جانے پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جنرل (ر) فیض حمید کو چارج شیٹ کیے جانے پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی حکومتی کوششیں شرمناک اور قابل مذمت ہیں، عمران خان ضمیر کے قیدی ہیں، فیض حمید یا کسی بھی دوسرے شخص کے نام پر انہیں زیرِ عتاب لانے کی ریاستی کوشش قوم کی نگاہوں میں کبھی قبولیت نہیں پاسکتی۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سرکاری صداگیروں کی مضحکہ خیز بیان بازی سے افواج پاکستان کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کے فوری نوٹس اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے معاملے کے حقائق قوم کے سامنے لانے کی سفارش کرتی ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ گزشتہ اڑھائی برس کے دوران ہر ریاستی بدمعاشی کے لیے بے سرو پا بیانیوں کا سہارا لیا گیا اور جھوٹ تراشے گئے، تحریک انصاف نے ان گنت محرّکات کے باوجود بحثیت ادارہ فوج کو سیاست سے الگ رکھا اور اسے اپنی سیاست کا ایندھن بنانے سے سختی سے گریز کیا۔
ترجمان تحریک انصاف کا مزید کہنا ہے کہ مقتدرہ کے اصطبل کے چند ارکان کو بہرحال افواجِ پاکستان کو بیانیہ سازی کے لیے استعمال کرنے کی کھلی اجازت ہے، رجیم چینج سازش کے ذریعے جمہوریت اور دستور پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالنے والے قمر جاوید باجوہ نے نیوٹریلیٹی کا جو جھانسہ قوم کو دیا اس کے پرخچے یہ سرکاری صداگیر ہر روز اڑا رہے ہیں۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ضمیر کے قیدی ہیں، فیض حمید یا کسی بھی دوسرے شخص کے نام پر انہیں زیرِ عتاب لانے کی ریاستی کوشش قوم کی نگاہوں میں کبھی قبولیت نہیں پاسکتی، فیض حمید افواجِ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے تو عسکری قیادت بے لگام سرکاری عہدیداروں کی اچھل کود کا نوٹس لے اور اقدام کرے،
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سیاسی انتقام اور سازش میں ڈوبا ہر قدم پہلے کی طرح اب بھی بے نقاب ہوگا اور حتمی بول بالا حق اور سچ ہی کا ہوگا۔