سال 2023-24 میں کے الیکٹرک کے علاقوں میں سب سے زیادہ 34 ہلاکتیں ہوئیں، نیپرا کی رپورٹ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 2023-24 میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے زیرانتظام علاقوں میں شہریوں اوربجلی کمپنیوں کے ملازمین کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
نیپرا رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کےسروس ایریا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں، مالی سال 2023-24 میں بجلی کمپنیوں کے زیرانتظام علاقوں میں کُل 140 مہلک حادثات ہوئے اور کے الیکٹرک کے سروس ایریا میں سب سے زیادہ 34 ہلاکتیں ہوئیں۔
نیپرا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے انتظامی علاقوں میں 32 شہری اور 2 ملازمین کی ہلاکتیں ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال آئیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں 26 ہلاکتیں ہوئیں، پیسکو 20، لیسکو 18اور گیپکو کے زیر انتظام علاقوں میں 9 مہلک حادثات ہوئے جبکہ حیسکو 9، کیسکو 9 اور فیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں7مہلک حادثات ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سیپکو 5 اور میپکو کے علاقوں میں 3 ہلاکتیں ہوئیں۔
رپورٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کمپنیاں سیفٹی کے معیارات پرپورا اترنے میں بری طرح ناکام رہی ہیں، مستقبل میں اس قسم کے واقعات روکنے کیلئے سیفٹی معیارات پرسختی سے عمل کیا جائے۔