لوگوں کے طعنوں پر ہنستی ہوں، مگر جانوروں کا علاج مفت میں کرتی ہوں ایسی خاتون ڈاکٹر جو مویشیوں کا فری میں علاج کرتی ہے

کراچی (قدرت روزنامہ)خواتین صرف انسانوں کا ہی نہیں بلکہ جانوروں کا بھی علاج کرسکتی ہیں جس کی مثال سندھ کے شہر مورو سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر سحرش پیرزادہ ہیں جو لوگوں کے مویشیوں کا علاج بالک مفت کرتی ہیں۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈاکٹر سحرش بتاتی ہیں کہ: ” میں لوگوں کے جانوروں کا علاج مفت میں کرتی ہوں، مجھے اچھا لگتا ہے کسی کی مدد کرنا، جانور تو بے زبان ہوتے ہیں ان کی تکلیف کا اندازہ کرنا انسانوں کے لئے بہت مشکل ہے، کیونکہ وہ زبان سے کہہ کر نہیں بتا پاتے بس ہمیں ان کو سمجھنا ہوتا ہے۔ میں چھوٹے سے چھوٹے اور بڑے جانوروں کا بھی علاج کرتی ہوں جیسے کُتا، بلی، اونٹ، گائے، بھینس، بکرے، دنبے اور گھوڑوں کا بھی کرتی ہوں۔ جانوروں کے حمل کا بھی بتاتی ہوں اور مصنوعی بیجوں کا علاج کرنا بھی جانتی ہوں۔

” ڈاکٹر نے کہاں سے تعلیم حاصل کی؟ سحرش بتاتی ہیں کہ: ” میں نے شہید محترمہ بینظیر میڈیکل کالج سکرنڈ سے تعلیم حاصل کی ہے اور باقاعدہ ڈگری حاصل کی ہے۔ ” کیا خواہش رکھتی ہیں؟ ڈاکٹر سحرش کہتی ہیں کہ: ” خواہشیں ظاہر ہیں میری بھی بہت ہیں لیکن اس وقت میں یہ چاہتی ہوں کہ مجھے کوئی اچھی سرکاری نوکری بھی مل جائے تاکہ میں غریب کے جانوروں کا علاج فری میں کرسکوں اور اس کام کو آگے بڑھا سکوں کیونکہ مجھے یہ کارِ خیر کرنے میں بہت مزہ آتا ہے۔ ” ان سے رابطہ کیسے کریں؟ مویشیوں کی طبیعت خراب ہونے پر مختلف گاؤں گوٹھ کی خواتین مجھے کال کرکے اپنے مطلوبہ پتہ پر بلاتی ہیں، پھر میں وہاں جا کر ان کے جانوروں کو دیکھتی ہوں، کبھی کوئی مجھے کال کرتا ہے تو کوئی اپنے کسی قریبی کو مجھے لینے کے لئے بھیج دیتا ہے۔