خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کیلئے نوکریاں

اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) نے سعودی عرب اور بحرین کیلئے میڈیکل پروفیشنلز اور ہنر مند کارکنوں کی بھرتی کا اعلان کر دیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) نے سعودی عرب اور بحرین کیلئے میڈیکل پروفیشنلز اور ہنر مند کارکنوں کی بھرتی کا اعلان کر دیا ہے۔
او ای سی کے مطابق سعودی عرب اور بحرین میں ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند میڈیکل پروفیشنلز کیلئے ضروری ہے کہ وہ کسی مستند طبی تعلیمی ادارے سے ایم بی بی ایس یا اس کے مساوی ڈگری رکھتے ہوں۔
علاوہ ازیں انہیں ہائی میڈیکل ایڈمنسٹریشن یا آئی سی ڈی ٹین اے سی ایچ آئی جیسے کورسز کی تکمیل کے ساتھ صحت یا انشورنس کے ادارے میں پروسیسر یا آڈیٹر آف انشورنس کلیمز کے طور پر کم از کم 4 سال کا تجربہ حاصل ہو۔ ان افراد کی عمر پچاس سال سے کم ہونی چاہیے اور صنف کی کوئی قید نہیں۔
او ای سی نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور بحرین میں ہنر مند افرادی قوت کی بھی ضرورت ہے، خاص طور پر تعمیراتی شعبے میں،اس شعبے میں لیباریٹری منیجر، لیباریٹری ٹیکنیشن، اور دیگر ہنر مند کارکنوں کیلئے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تعمیراتی شعبے میں درخواست دینے والے امیدواروں کیلئے کچھ مخصوص قابلیت کی ضرورت ہے۔ مثال کے طور پر، لیباریٹری منیجر کیلئے بی ایس سی انجینئرنگ یا سول انجینئرنگ میں ڈپلوما اور 15 سال کا تجربہ درکار ہوگا۔ اس کے علاوہ، لیب ٹیکنیشینز کیلئے ایسوسی ایٹ انجینئرنگ یا سائنس کے شعبے میں کالج ڈگری ضروری ہے۔
او ای سی نے اس موقع پر واضح کیا ہے کہ تمام امیدوار 18 دسمبر 2024 تک اپنی درخواستیں oec.gov.pk پر جمع کروا سکتے ہیں۔ درخواست دہندگان کو میڈیکل پروفیشنلز اور لیب منیجر کیلئے ایک ہزار روپے جبکہ لیب ٹیکنیشینز کیلئے 500 روپے کا بینک چالان جمع کرانا ہوگا، جو درخواست جمع کرانے کے عمل کے دوران آن لائن جنریٹ کیا جائے گا۔
یہ اقدام اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اہم موقع فراہم کرتا ہے، جو نہ صرف بین الاقوامی سطح پر اپنے کیریئر کو آگے بڑھا سکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔