’پھوپھو کے گھر نہیں جانا‘، اداکارہ مریم نفیس اپنی پھوپھو کے خلاف کیوں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف اور باصلاحیت ماڈل، اداکارہ اور ٹی وی میزبان مریم نفیس جو اپنے بیانات کی وجہ سے ہمیشہ سرخیوں میں رہتی ہیں، انہوں نے ایک شو میں اپنی پھوپھو سے اظہارِ نفرت کردیا۔
مریم نفیس نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ ’گرلز اونلی ‘ نامی شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کی۔ پروگرام کے دوران میزبان نے جب ان سے سوال کیا کہ اگر انہیں اپنے والدین یا دادا، دادی کو کینسل کلچر سمجھانا ہو تو وہ کیا کریں گی؟ جس پر مریم نفیس نے کہا کہ وہ والدین کو کہیں گی کہ انہیں اپنی پھوپھو کے گھر نہیں جانا۔
اداکارہ نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی پھوپھو اچھی ہوتی ہوں گی لیکن ان کی نہیں ہیں اور وہ اپنی پھوپھو کے ساتھ مسائل کو حل نہیں کرناچاہتیں۔
میزبان دنانیر مبین نے ایک سوال میں مریم نفیس کو اپنے دیرینہ دوست عثمان خالد بٹ اور اور شوہر امان احمد میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا کہا تو اداکارہ نے جواب دیا کہ کسی ایک کا انتخاب ان کے لیے ممکن نہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر وہ شوہر کو منتخب کریں گی تو عثمان خالد بٹ ان سے ناراض ہوجائیں گے اور اگر انہیں منتخب کرتی ہیں تو شوہر ان سے خفا ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ مریم نفیس پاکستان کی ایک خوبصورت، نوجوان اور باصلاحیت ماڈل، اداکارہ، میزبان اور سماجی کارکن ہیں، جو اب تک کئی قابل ذکر ٹیلی ویژن سیریلز جیسے کہ یقین کا سفر، عشق جلیبی، کم ظرف، محبت چھوڑ دی میں نے اور نیم میں نظر آچکی ہیں، ان کے انسٹاگرام پر 1 ملین سے زیادہ مداح ہیں۔