معروف بھارتی ٹی وی اداکارہ کا بیٹا مردہ حالت میں کھیت سے برآمد، 2 دوست گرفتار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی کے علاقے عزت نگر میں پولیس نے معروف بھارتی ٹی وی اداکارہ سپنا سنگھ کے 14 سالہ بیٹے ساگر گنگوار کی لاش کھیت سے برآمد کی ہے، منشیات کے استعمال کے اعتراف کے بعد پولیس نے اس کے 2 دوستوں کو گرفتار کرلیا۔
واقعے کے بعد سپنا سنگھ نے بریلی میں احتجاج کیا اور ان کے احتجاج کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ پولیس کی جانب سے فوری کارروائی کی یقین دہانی کے بعد انہوں نے احتجاج ختم کردیا۔
پولیس نے ساگر کے 2 دوستوں انوج اور سنی کو اس معاملے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں کی گئی ہے لیکن زہر یا منشیات کی زیادہ مقدار کے استعمال کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پوچھ تاچھ کے دوران انوج اور سنی نے ساگر کے ساتھ شراب اور منشیات پینے کا اعتراف کیا۔
اس کے دوست نے بتایا کہ جب ساگر بے ہوش ہو گیا، تو وہ اسے گھسیٹ کر ایک کھیت میں لے گئے اور نتائج کے خوف سے اسے وہیں چھوڑ دیا۔
ساگر گنگوار آٹھویں کلاس کے طالبعلم تھے اور بریلی کی آنند وہار کالونی میں اپنے چچا اوم پرکاش کے ساتھ رہتے تھے۔