شادیوں میں رشتے داروں کی جھک جھک، دیگر مسائل کا عکاس مزاحیہ دعوت نامہ وائرل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہندوستانی شادیوں میں عموماً پیش آنے والے واقعات کو مزاحیہ انداز میں پیش کیے جانے پر ایک دعوت نامے نے آن لائن توجہ حاصل کر لی۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیے گئے اس دعوت نامے میں شادیوں کے دوران کچھ رشتے داروں یا شرکا کی جانب سے برتے جانے والے رویوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔
یہ کارڈ مزاحیہ انداز میں عام دقیانوسی تصورات کو اجاگر کرتا ہے۔ جیسے کہ مہمانوں کی طرف سے کھانے پر تنقید اور دلہا اور دلہن کی مبالغہ آمیز تعلیمی یا پیشہ ورانہ کامیابیوں کا تذکرہ۔
مذکورہ کارڈ میں دلہن کو ’شرما جی کی لڑکی‘ کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے اور اس کے بارے میں بریکٹ میں میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ وہ ’پڑھائی میں تیز‘ ہے۔
کارڈ کے مطابق دلہا ’گوپال جی کا لڑکا‘ہے اور اس نے بی ٹیک کرکے دکان سنبھال لی ہے۔

شادی کی تاریخ کو مزاحیہ انداز میں ایک ’مقدس دن‘ کے طور پر بیان کیا گیا ہے جسے 3 پنڈتوں نے تجویز کیا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس دن ٹنکو (گھر کا ایک بچہ) کے امتحانات بھی اسی دن ختم ہو رہے ہیں (یعنی اس اعتبار سے شادی کا دن موزوں ترین ہے)۔
شادیوں میں عموماً کوئی نہ کوئی رشتے دار کھانوں کی برائی ضرور کرتا ہے۔ اس بات کو اس دعوت نامے میں مدنظر رکھا گیا ہے۔ کارڈ کے آغاز میں مدعو کیے جانے والے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’آپ کی موجودگی شادی کے لیے انتہائی ضروری ہے کیوں کہ اگر آپ نہ آئے تو پھر کھانے کی برائی کون کرے گا‘۔
شادی کے مقام کا نام بتانے کی بجائے کارڈ میں لکھا گیا ہے کہ وہیں جہاں دوبے جی کی ریٹائرمنٹ کی تقریب ہوئی تھی۔ وہاں آپ کو وہی کنفیوز کرنے والا گیٹ ملے گا جو ہر ہال میں ایک جیسا لگتا ہے۔
اسی کارڈ میں شادی کے بعد والی تقریب کے لیے بھی مدعو کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ شادی کا ’ہینگ اوور‘ ابھی ختم نہیں ہوا ہے، ریسیپشن کا ڈراما دیکھنے ضرور آئیں۔ دلہا دلہن کی جانب سے مہمانوں کو شام 7 بجے آنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ دونوں ساڑھے 8 بجے تک پہنچیں گے۔
مہمانوں کو خاص ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے بچوں کو کنٹرول میں رکھیے گا کیوں کہ اتنا مہنگا اسٹیج ان کے کھیل کا میدان نہیں ہے۔
کارڈ میں مہمانوں کو خاص ہدایت کی گئی ہے کہ جاتے وقت پھوپھا جی سے ضرور مل کر جائیے گا ورنہ ان کا منہہ گول گپے جیسا پھول جاتا ہے۔
علاوہ ازیں مہمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کھانا کھاکر جائیں لیکن لیں ایک مرتبہ کیوں کہ کھانے کا ریٹ فی پلیٹ 2 ہزار روپے ہے۔
مہمانوں کا استقبال کرنے والوں کی فہرست میں بھی کچھ دلچسپ تبصرے کیے گئے ہیں۔ اس میں رشتے داروں کو زچ کردینے والا قرار دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ماما اور مامی کے نام اس لیے اوپر رکھے گئے ہیں کہ وہ ننھیال کی جانب سے لائے گئے تحائف اکٹھا کریں گے۔
پھوپھی اور پھوپھا جی کے آگے بریکٹ میں لکھا گیا ہے کہ وہ دونوں جھگڑا ایسکپرٹ ہیں (اس لیے نام دیے جا رہے ہیں)۔ مہمانوں کا استقبال کرنے والوں میں ’پریشان کن بچے‘ بھی لکھا گیا ہے جس کے آگے یہ وجہ بتائی گئی ہے کہ انہیں وہاں تعینات کرنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اسٹیج پر نہ چڑھے ہوئے ہوں کیوں وہ وہاں تصویر خراب کردیتے ہیں۔
آخر میں سخت ہدایت کے عنوان سے لکھا گیا ہے کہ برائے مہربانی کوئی تحفہ ساتھ لے کر نہ آئیں کیوں بس کیش دیں کیوں کہ ہم پہلے ہی 7 ڈنر سیٹ اور 20 فوٹو فریم وصول کرچکے ہیں۔
ایکس پر شیئر کی گئی مذکورہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور اسے اب تک ایک لاکھ 94 ہزار سے زیادہ افراد دیکھ چکے ہیں۔ صارفین اس پر مزیدار تبصرے بھی کر رہے ہیں۔