’پاکستان کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہوا‘، ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے ایسا کیوں کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترکیہ کے مقبول ترین تاریخی ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترکیہ کے اداکار انجین التان دوزیتان نے اپنی عالمی شہرت کا کریڈٹ پاکستانیوں کو دےدیا۔
حال ہی میں ترک اداکار انجین التان دوزیتان عرف ارطغرل کینیڈا کے دورے پر ہیں جہاں وہ مداحوں کے ساتھ مختلف میٹنگز میں شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں بھی شرکت کی۔ گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی شہرت کا سہرا پاکستانی شائقین کو دیا ان کا کہنا تھا کہ ارطغرل میں اداکاری کے بعد انہیں احساس ہوا کہ پاکستان کے لوگوں نے اس ڈرامے پر خصوصی توجہ دی۔
ایونٹ کے دوران بات کرتے ہوئے ترک اداکار نے کہا کہ پاکستانی شائقین کے دلوں میں ارطغرل جیسے تاریخی کردار کے لیے ایک خاص جگہ ہے، لوگوں کو اس کردار سے پیار ہے اور انہوں نے اسے ترکیہ سے باہر ایک کامیاب پراجیکٹ بنایا۔ انہوں نے یہ بھی کہا ان کا ڈراما پہلےہی اپنے ملک میں مقبول ہوچکا تھا لیکن پاکستان میں نشر ہونے کے بعد الگ ہی معاملہ ہوا۔
ان کے مطابق پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ نشر ہونے کی وجہ سے انہیں بےپناہ شہرت ملی اور دنیا بھر میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی مقبولیت میں پاکستان کا اہم کردارہے۔
ترک اداکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان پر کردار کا اثر ہوچکا تھا اور انہیں اس کردار کے اثر سے نکلنے میں کافی وقت لگا۔
واضح رہے کہ انجین التان دزیاتن عرف ارطغرل ایک مشہور ترک اداکار ہیں جنہوں نےپاکستان میں اس وقت شہرت اور مقبولیت حاصل کی جب 2020 میں ان کی سیریز ارطغرل کو پاکستان میں اردو ڈبنگ کے ساتھ ریلیز کیاگیا۔ اس وقت ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد5.2 ملین ہے۔
مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرنے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اداکار انجین التان دوزیتان نے دسمبر 2020 میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔
یاد رہے کہ اپنے مختصر دورے کے موقع پر انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ وہ بخوبی واقف ہیں کہ پاکستان کے عوام ان سے بہت محبت کرتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسی وجہ سے وہ پاکستان آئے ہیں اور یہ ان کا پہلا دورہ ضرور ہے لیکن آخری نہیں۔