ٹائم میگزین نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سنہ 2024 کی بہترین شخصیت قرار دے دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ٹائم میگزین نے جمعرات کو امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی سیاست اور ملک کے دنیا میں کردار پر گہرے اثرات مرتب کرنے پر ’سال کی بہترین شخصیت‘ قرار دے دیا۔
رسالے کے ایڈیٹر ان چیف سیم جیکبز نے قارئین کے نام ایک خط میں لکھا کہ تاریخی تناسب کی واپسی، ایک نسل میں سیاسی تبدیلی لانے، امریکی صدارت کو نئی شکل دینے اور دنیا میں امریکا کے کردار کو تبدیل کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ ٹائم کو سنہ 2024 کی بہترین شخصیت قرار دیا گیا ہے۔
نیوز میگزین نے اس سے قبل سنہ 2016 میں صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد بھی ٹرمپ کو پرسن آف دی ایئر کا خطاب دیا تھا۔ میگزین نے ٹرمپ کو شکست دینے کے بعد سنہ 2020 میں ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کو سال کی بہترین شخصیت قرار دیا تھا۔ پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ نے گزشتہ سال یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
دریں اثنا جمعرات کو شائع ہونے والے ٹائم میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ملک سے غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کے لیے فوج کو استعمال کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ صرف وہی کریں گے جس کی قانون اجازت دیتا ہے تاہم قانون کی اجازت کی زیادہ سے زیادہ حد تک جائیں گے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ ایسی پالیسی کو بحال کریں گے جس میں تارکین وطن بچوں کو ان کے والدین سے الگ کیا گیا ہو، ٹرمپ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں ایسا کرنا پڑے گا کیونکہ ہم پورے خاندان کو واپس بھیج دیں گے۔