میڈیکل کالج اور دوسرے جامعات میں حکومت کی مداخلت اور طلبا کی گمشدگی کی مذمت کرتے ہیں،بی این پی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر اور ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے پچھلے دنوں بولان میڈیکل کالج میں طلباء تنظیموں کی جانب سے کالج اور ہاسٹل کی بندش پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بولان میڈیکل کالج اور دوسرے جامعات میں حکومت کی مداخلت، طلباء کے ہراسمنٹ، کالج اور جامعات کے ہاسٹلز کی بندش اور اداروں سے طلباء کی جبری گمشدگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت علم و شعور کے حصول میں ہے اور علم و شعور نوجوان طبقہ اور خصوصا طلبا و طالبات سے وابستہ ہیں لیکن افسوس کہ مقتدر طبقہ قوم کے روشن مستقبل کو تحفظ فراہم کرنے اور اسے سنوارنے کی بجائے ان کے ساتھ دشمنی کرنے پر تلا ہوا ہے۔ پچھلے دو ہفتوں سے بی ایم سی میں جاری احتجاجی کیمپ اور بلوچستان یونیورسٹی کے ہاسٹل کو 14 دسمبر تک خالی کرانے کا نوٹس اور ہاسٹل کو سیل کرنے کا ظالمانہ فیصلہ اس حکومت کی علم دشمنی کا کھلا ثبوت ہے جس کی وجہ سے طلبا و طالبات میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ یہاں بلوچستان بھر سے آئے ہوئے طلبا و طالبات اپنے حقوق کے لئے سخت سردی کے موسم میں احتجاجی کیمپ میں بیٹھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے اعلی حکام اور کالج کے ایڈمن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اکیڈمک شیڈولز میں مداخلت کر کے طلبا کے مستقبل سے کھیلنا بند کردیں یہ ناروا عمل نہ صرف بولان میڈیکل کالج میں جاری ہے بلکہ بلوچستان کے باقی جامعات اور کالجز میں بھی یہی ناروا پالیسی نافذ العمل ہے جو کہ سراسر ناجائز، علم دشمنی اور قابل مذمت ہے۔ ایسے قبیح اور علم دشمنی پر مبنی فعل، کسی بھی مہذب اقوام میں نظر نہیں آتی مگر یہاں بلوچ اور پشتون طلبا کے ساتھ بڑی بے شرمی کیساتھ یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی مداخلت کو فی الفور بند کیا جائے اور بی ایم سی سمیت تمام کالجز اور جامعات کے اکیڈمک شیڈولز کو بحال کرکے ان کے ہاسٹلز کھول دیئے جائیں اور بلوچستان یونیورسٹی کے ہاسٹل کو سیل کرنے کا فیصلہ بھی واپس لیا جائے بصورت دیگر بی این پی طلبا کے مسائل پر کبھی خاموش نہیں رہے گی اور قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *