جعلساز ڈگری ویری فکیشن کے نام پر شہریوں کے واٹس ایپ ہیک کرنے لگے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ہائر ایجوکیشن کمیشن کا نمائندہ بن کر شہریوں کے واٹس ایپ ہیک کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے شہریوں کے لیے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کچھ جرائم پیشہ عناصر خود کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کا نمائندہ ظاہر کرکے واٹس ایپ پر صارفین سے رابطہ کرتے ہیں۔
ایف آ ئی اے حکام کے مطابق یہ افراد ڈگری کی تصدیق کے بہانے صارفین کو ایک کوڈ بھیجتے ہیں اور اسے شیئر کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور جیسے ہی صارفین یہ کوڈ شیئر کرتے ہیں ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرلیا جاتا ہے۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی نامعلوم میسج یا کال پر کوئی کوڈ شیئر نہ کریں اور اس طرح کی کال یا میسج موصول ہونے پر ایف آئی اے سائبر ونگ کو آگاہ کریں۔