جیسن گلیسپی کیوں مستعفیٰ ہوئے، وجوہات منظر عام پر آگئیں
چیئرمین پی سی بی نے ریڈ بال کوچ کے کئی مطالبات مسترد کردیے تھے، رپورٹس
لاہور(قدرت روزنامہ)ریڈ بال فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کے مستعفیٰ ہونے کی وجوہات منظر عام پر آگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے سلیکشن کمیٹی سے باہر کیے جانے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا جبکہ تنخواہ میں اضافے کی بھی درخواست کی تھی تاہم چیئرمین پی سی بی نے اسے مسترد کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کو ٹیم کیساتھ مزید وقت گزارنے کو کہا تھا تاہم انہوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا۔
جیسن گلیسپی اور سابق وائٹ بال ہیڈکوچ گیری کرسٹن نے سپورٹس اسٹاف کو شامل کرنے کی کوشش کی تھی، جس کو پی سی بی نے رد کردیا تھا اور یوں ریڈ بال فارمیٹ کے کوچ نے مستعفیٰ ہونے کی دھمکی دی۔
جیسن گلیسپی نے گزشتہ روز جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل استعفیٰ دیا، جسے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قبول کرلیا اور عبوری ہیڈکوچ عاقب جاوید کو ٹیسٹ فارمیٹ کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ حال ہی میں کوچنگ پینل سے یہ دوسرا بڑا استعفیٰ ہے، اس سے قبل گیری کرسٹن بھی پاکستان کے دورہ آسٹریلیا سے قبل مستعفی ہو گئے تھے۔
مستقل کوچنگ تقرریوں کے حوالے سے چند ہفتوں مزید تقریاں ہونے کا امکان ہے۔