گیس وبجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف پشتونخوا میپ کا کچلاک میں احتجاجی مظاہرہ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف جمعہ کو پشتونخوا میپ کے زیر اہتمام کچلاک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ چمن شاہراہ پر احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کر گئی پشتونخوا میپ کے صوبائی سیکرٹری کبیر افغان و دیگر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی میں گیس لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے صوبائی دارالحکومت میں شدید سردی کے دوران گیس لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر ناقابل برداشت ہے گیس کمپنی اور حکومت شدید سردی میں مخصوص اوقات میں گیس مکمل بند کردیتی ہیں گیس کی بندش کیوجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے گیس کیساتھ ساتھ بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ نے معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں گیس لوڈ شیڈنگ کے باعث آئے روز حادثات پیش آرہے ہیں شہری جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں عدالت کے حکم کے باوجود نہ صرف گیس بند کی جارہی ہے بلکہ گیس بلوں میں فکس چارجز پھر سے بھجوائے جارہے ہیں ۔ سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو حکام جان بوجھ کر خون جمادینے والی سردی میں عوام کے ساتھ ظلم روا رکھا گیا ہے بچے، بزرگ، خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لوگ شدید سردی میں ٹھٹھر کر رہ گئے ہیں۔ سوختنی لکڑی ، ایل پی جی اور کوئلہ لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہے بلوچستان کی گیس ملک کے کونے میں پہنچ چکی ہے لیکن اس کے باسی اس سہولت سے محروم ہیں صوبے سے نکلنے والے وسائل پر سب سے پہلا حق یہاں کے لوگوں کا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس پریشر میں کمی، بندش اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مظاہرین نے حکومت اور گیس انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔