بلوچستان ہائیکورٹ، دو رکنی بینچ کا گیس حکام کو موسم سرما میں مناسب پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی کی ہدایت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس شوکت علی رخشانی پر مشتمل عدالت عالیہ بلوچستان کے دو رکنی بینچ نے سید نذیر احمد آغا، ایڈووکیٹ (درخواست گزار)کے شہر میں گیس کے کم بہائوکے حوالے سے دائر کردہ ائینی درخواست بنام فیڈریشن آف پاکستان بذریعہ سیکرٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور دیگر کی سماعت کی۔ دو رکنی بینچ کے معزز ججز نیچیف انجینئر، منیجر بلنگ اور منیجر (قانونی)ایس ایس جی سی ایل کو ہدایت کی کہ وہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے ساتھ ایس ایس جی سی ایل گیس پائپ لائنوں پر کھینچنے والے مشینیں لگا کر گیس کو اپنی طرف کھینچنے والے صارفین کی سروے اور نگرانی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے سے متعلق ایک اجلاس طلب کریں۔خصوصی ٹیم کی جامع سروے مرتب کرنے کے بعد گیس کو غیر قانونی طریقے سے اپنی طرف کھینچنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس سلسلے میں ضروری کام کرنے اور پولیس فورس کی مدد کے لیے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ کو بھی آگاہ کیا جائے۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر، کوئٹہ ایس ایس جی سی ایل کے نمائندے کے ہمراہ ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیں جو ان دکانوں پر جہاں گیس کے لوازمات فروخت ہو رہے ہیں، کھینچنے والے مشینوں کی فروخت، خریداری اور فراہمی کے لیے ایک جامع طریقہ کار وضع کرے۔ دو رکنی بینچ کے معزز ججز نے گیس حکام کو موسم سرما کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی خاص طور پر گھریلو صارفین کے لیے یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اور عادی مجرموں کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے اور متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے قانون کا سہارا لیا جائے۔ اس آرڈر کی کاپی متعلقہ حکام کو تعمیل اور معلومات کے لیے ایڈووکیٹ جنرل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو بھیجی جائے۔ ائینی درخواست کو 24 دسمبر 2024 تک ملتوی کر دی گئی۔