نام نہاد وفاقی اور صوبائی حکومتیں رشوت خوری، زور آور دھاندلی کی پیدوار ہے، خوشحال کاکڑ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ سالانہ اربوں ڈالر معدنی وسائل کی پیدوار دینے والے وطن اور سرزمین کی مالک پشتون ملت اس ملک میں بنیادی انسانی حقوق، بنیادی انسانی سہولیات تک سے محروم ہیں اور دو وقت کی روٹی کیلئے سراپا احتجاج ہیں ریاست کا موجودہ نظام مکمل طور پر بوسیدہ ہو چکا ہے نام نہاد وفاقی اور صوبائی حکومتیں رشوت خوری، زور اور دھاندلی کی پیدوار ہے اور اپنے خریدے گئے سیٹوں اور وزارتوں کی قیمت بمعہ منافع وصول کررہے ہیں حاجی عبدالمالک میاں خیل کی قیادت میں سینکڑوں افراد کی پارٹی میں شمولیت خوش آئند اور قومی تحریک کیلئے تقویت کا باعث ہے اْن کی اْمیدوں کو ضرور پورا کرینگے وہ ترین شور کے زیر اہتمام کلی میاں خیل میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس سے پارٹی رہنماؤں محمد عیسیٰ روشان، فقیر خوشحال کاسی، رحمت اللہ صابر، حاجی محمد ابراہیم عیسیٰ خیل، حاجی عبدالمالک میاں خیل اور غلام محمد میاں خیل اور عبدالرازق خان مہترزئی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر حاجی عبدالمالک میاں خیل کی سربراہی میں 100 سے زائد گھرانوں نے پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ابتدائی یونٹ کی تشکیل اور ابتدائی یونٹ کے ایگزیکٹیو کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس سے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری رحمت اللہ صابر نے حلف لیا۔ پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے ممتاز قبائلی اور سماجی شخصیت حاجی عبدالمالک میاں خیل کی قیادت میں سفید ریش بزرگوں، جوانوں کی پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ان بزرگوں اور جوانوں نے جن اْمیدوں کے ساتھ پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے اْن اْمیدوں کو ضرور پورا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں جو نظام حکومت عوام پر مسلط کی گئی ہے وہ سازشی منصوبوں کا ایک جال ہے اور اس کے ذریعے عوام کی خدمت کی بجائے عوام کا استحصال ہو رہا ہے فروری 2024 کے بدترین دھاندلی زدہ انتخابات اور اس کے نتائج عوام پر واضح ہے جن میں کروڑوں اور اربوں روپے کے ذریعے پہلے قومی اور صوبائی اسمبلی کے سیٹ خریدے گئے اور پھر کروڑوں روپے کے ذریعے وزارتیں الاٹ کی گئی یعنی نام نہاد نمائندوں نے سرمایہ کاری کرکے خرید وفروخت کو جاری رکھا ہے اور نام نہاد ترقیاتی سکیموں کے نام پر بدترین کرپشن اور لوٹ مار جاری ہے اور ایسے حکمرانوں سے ترقی و خوشحالی کی اْمید رکھنا خام خیالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جدید تعلیم اور سائنسی ترقی کی راہ اپنا کر ترقی اور خوشحالی کے معراج تک پہنچ چکے ہیں جبکہ ہمارے غریب عوام آج بھی چوکیدار و مزدور اور ساری زندگی اذیت ناک مسافری کرنے پر مجبور ہے حالانکہ ملکی آئین میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عوام کے سرومال و عزت کے تحفظ کے ساتھ تمام بنیادی انسانی حقوق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن پشتون قوم اس ملک میں اپنے وطن اور دوسرے صوبوں میں بھی بنیادی انسانی حقوق تک سے محروم ہے اور اب تو انہیں جینے کا حق بھی نہیں دیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواوطن میں سالانہ معدنی وسائل کے پیداوار سے اربوں ڈالر کمایا جاتاہے صرف وزیرستان میں تانبے کی ذخائر کی قیمت 6 ہزار ارب ڈالر کے قریب ہے تربیلا سالانہ 20 ارب یونٹ بجلی پیدا کررہا ہے دریائے اباسین سے 20 ارب ڈالڑ سے زائد کی پانی سمند میں ڈالا جاتا ہے اور اسی طرح درجنوں معدنی وسائل کے پشتون ملت مالک ہے لیکن اس معدنی وسائل کے مالک ہونے کے باوجود اْن کے عوام بدترین غربت، بھوک وافلاس، پسماندگی و جہالت اور بے روزگاری کا شکار ہے اور اس کا سبب قومی خود مختیار صوبے، قومی واک واختیار سے محرومی اور اس ملک پر مسلط ایک قوم کی بالادستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون افغان ملت نے قومی اتحاد و اتفاق کی راہ اپنا کر اپنے محبوب وطن سے محبت کے جذبے کو مزید پروان چڑانا ہوگا اور قومی وطنی اہداف کے حصول کی جدوجہد کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زئی اور خیلی کے منفی رویوں اور منفی طرز عمل کو ہمیشہ مسترد کرکے قومی وحدت اور قومی ہم آہنگی کو اپناتے ہوئے سیاسی جمہوری جدوجہد میں فعال کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے مقدس نام پر ہماری ملت پر تباہی وبربادی مسلط کرنے والوں میں تمیز کرنا ضروری ہے جنہوں نے دنیا کے سامراجیوں، اْن کے اتحادیوں اور اس ملک کے استعماری حکمرانوں کے کہنے پر پشتونخواوطن کو تباہ وبرباد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ہمارے غیور عوام کی جوق درجوق شمولیت قابل تحسین ہے لیکن پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے ہر قسم کے غرور و تکبر سے دور رہ کر اپنے عوام کے ارمانوں کی تکمیل کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنے صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنا ہوگا اور ہمیں سیاسی اصولوں، جمہوری اخلاقیات کا ادراک رکھتے ہوئے ہمیشہ مثبت طرز عمل اور مثبت رویے کے ساتھ اپنے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔ انہوں نے حاجی عبدالمالک میاں خیل اْن کے ساتھ موجود سفید ریش بزرگوں اور نوجوانوں کی پارٹی میں شمولیت پر پارٹی کے تمام قیادت کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے غیور اور باہمت بزرگوں کی پارٹی صفوں میں شمولیت نے پشتونخوانیپ کو اپنے عوام کا ترجمان بنادیا ہے اور پشتونخوانیپ پشتونخوا وطن کے ہر فرد کی ارمانوں کی ترجمان پارٹی ہے۔