ایک صوبے کے گورنر کی کرسی جلد جانے والی ہے، فیصل واوڈا کی پیشگوئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما و سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک صوبے کے گورنر کی کرسی جانے کی پیشگوئی کردی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک صوبے کے گورنر کی کرسی بہت جلد جانے والی ہے، جو نام بیچ رہا ہے، مال بنا رہا ہے، جھوٹ بھی بول رہا ہے اس کی باری آگئی ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ اس گورنر کی کرسی جانے میں ایک ہفتہ بھی ہوسکتا ہے، 2 ماہ بھی ہوسکتے ہیں، حتمی طور پر بہت جلد رول بیک ہوگا۔
پھر کہہ رہا ہوں عمران خان کو ان کی اہلیہ سے خطرہ ہے‘
فیصل واوڈا نے عمران خان کی جان کو خطرے کے حوالے سے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بار پھر کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جان کی ان کی اہلیہ، ان کے حواریوں اور پی ٹی آئی لیڈرشپ سے خطرہ ہے۔
انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے اندرخانے پاؤں پکڑتے ہیں اور باہر گلے پڑتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل اب تو واضح ہوچکا ہے، سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹس کو فیصلے سنانے کا اختیار دے دیا ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار ہے تو اچھی بات ہے، ملک کے لیے راستہ نکلنا چاہیے۔
حکومت کو مولانا فضل الرحمان کو منانا چاہیے‘
مدارس رجسٹریشن بل کے حوالے سے فیصل واوڈا نے کہا کہ اس بل میں زیر زبر کا فرق ہے، راستہ نکالا جاسکتا ہے، بل میں کچھ غلطی آگئی ہے تو ایسا نہیں کہ اسے درست نہیں کیا جاسکتا۔
’پارلیمنٹ نے بل کی منظوری دی تھی، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کچھ ہاتھ بھی کیا گیا، اس بل کے مسئلے کو حل تو کرنا پڑے گا، ہم اس کو حل کروائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ حکومت کا چاہیے کہ وہ مولانا کے پاس جاکر راستہ تلاش کریں، یہ تاثر دینا کہ بل اسٹیبلشمنٹ نے رکوایا انتہائی غلط ہے،حکومت کو مولانا فضل الرحمان کو منانا چاہیے، مولانا فضل الرحمان کو لڑوانے کی کوشش حکومت کی نااہلی ہے۔