کوئٹہ،چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں چینی کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 10 فیصد سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے، جس کا سبب حکومت کی جانب سے شوگر ملز کو چینی بیرون ملک فروخت کرنے کی اجازت دینے کا اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق، حکومت کی جانب سے شوگر ملز کو چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دینے کے بعد چینی کی قیمت میں بے لگام اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں میں چینی کی ایکس مل قیمت 115 روپے سے بڑھ کر 125 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ چھوٹے دکانداروں نے چینی کی قیمت میں 15 سے 20 روپے تک کا اضافہ کر کے چینی کو 140 سے 150 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔یو این اے کے مطابق، شوگر ڈیلرز نے دسمبر میں چینی کے تھوک نرخ 128 روپے فی کلو اور جنوری 2025 میں 133 روپے تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اگر چینی کی تھوک قیمت میں مزید اضافہ ہوتا ہے تو عام مارکیٹ میں بھی چینی کے فی کلو ریٹ میں مزید 10 روپے تک کا اضافہ متوقع ہے۔شوگر ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور بحران سنگین ہو سکتا ہے۔ حکومت نے گزشتہ دو سالوں میں متعدد مرتبہ شوگر ملز کو چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دیتے ہوئے یہ دعوی کیا تھا کہ اس سے قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا، تاہم ہر مرتبہ حکومت کے دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں اور چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *