چیمپئینز ٹرافی؛ ‘پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولے’ کے تحت ہی ہوگی

ہفتے تک معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیمپئینز ٹرافی کا انعقاد پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولے کے تحت پاکستان میں ہی ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع نے مثبت پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر معاملات پر اتفاق ہوچکا اور ہفتے تک معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو آئندہ برس کے اوائل میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے، بھارت نے دورے سے انکار کرکے ایونٹ کو خطرے میں ڈال دیا تھا، بی سی سی آئی نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے میچز یو اے ای میں کرانے کا مطالبہ کیا، پی سی بی نے بھی سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ہر بار یہی ہوتا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستانی نہیں آتی لیکن گرین شرٹس وہاں کھیلنے چلے جاتے ہیں، اب ایسا نہیں ہو سکتا اور برابری کی سطح پر بات ہوگی۔
اس حوالے سے پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولہ پیش کیا گیا جس کے تحت 3 سال تک دونوں ممالک میں جو بھی آئی سی سی ایونٹ ہوا ٹیمیں اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گی، ساتھ کچھ اور شرائط بھی رکھی گئیں، اس حوالے سے کئی روز تک مذاکرات ہوتے رہے۔
گزشتہ دنوں سی او او سمیر سید اور سابق سی او او سلمان نصیر دبئی گئے تھے جہاں انھوں نے مذاکرات کیے، ذرائع کے مطابق اب فریقین میں معاملات پر اتفاق ہوچکا ہے، آئندہ برس چیمپئیز ٹرافی کا میزبان پاکستان ہی رہے گا البتہ بھارتی ٹیم اپنے میچز یو اے ای میں کھیلے گی، سیمی فائنل اور فائنل میں رسائی کی صورت میں بھی اس کے میچز دبئی میں ہی ہوں گے، البتہ اگر بلو شرٹس نے کوالیفائی نہ کیا تو فیصلہ کن معرکہ لاہور میں رکھا جائے گا۔
آئی سی سی نے اس کی منظوری دے دی، اسی طرح 2026 میں بھارت کو سری لنکا کے ساتھ مل کر ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی کرنا ہے، گرین شرٹس بھی بھارت نہیں جائیں گے اور میچز سری لنکن وینیوز پر کھیلیں گے۔
پی سی بی بھارتی ٹیم کے نہ آنے پر ہونے والے مالی نقصان کی تلافی کیلئے یو اے ای میں ایک ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کرانا چاہتا تھا جس میں دونوں روایتی حریف سائیڈز کے ساتھ ایک اور کوئی ٹیم شامل ہوتی، اس پر اتفاق نہیں ہو سکا۔
البتہ 2027 کے بعد پاکستان کو آئی سی سی ویمنز ایونٹ کی میزبانی دی جائے گی، اس حوالے سے پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر معاملات پر اتفاق ہوچکا اور ہفتے تک معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی، ہمارے مطالبات کو بھارت نے تسلیم کرلیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ جب تک معاہدے پر دستخط نہیں ہوجاتے ہم بھارت پر یقین نہیں کرسکتے، اپنے مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا جائے گا، ہم کسی بھی حد تک جانے کو تیار تھے البتہ اب لگتا ہے کہ ایسی نوبت نہیں آئے گی۔
دوسری جانب رابطے پر آئی سی سی ذرائع نے کہا کہ بات چیت جاری ہے، کسی بھی فیصلے کا اعلان میڈیا ریلیز کے ذریعے کیا جائے گا، البتہ ایسا کب ہوگا اس حوالے سے کچھ یقین سے نہیں کہا جا سکتا۔