بانی پی ٹی آئی کی رہائی قریب؟ رانا ثنا اللہ نے بڑی خبر دیدی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی قریب نہیں ہے اگر ایسا کچھ ہے تو عدالتوں کو پتہ ہوگا، حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق نجی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کیسز میں ضمانت لینی پڑے گی، 24 اور 26 نومبر کو اپنے خلاف انہوں نے 2 درجن سے زائد کیسز بنا لئے ہیں، یہی وہ چیز ہے جو ان مذاکرات کو دھندلا کررہی ہے، بانی پی ٹی آئی آج بھی بضد ہیں کہ اگر بات ہوگی تو اسٹیبلشمنٹ سے ہوگی۔
اب بھی بانی پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کا کوئی عندیہ نہیں آیا، وزیراعظم نے کہا ہے آئیں اور مذاکرات کریں مگر وہ مذاکرات پر آمادہ نہیں۔رانا ثنا اللہ نے پیپلزپارٹی کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی سے مذاکرات ہوئے تو پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا اسٹیبلشمنٹ کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا یہ تاثر دینا کہ اسٹیبلشمنٹ ناراض ہے یہ غلط ہے انہوں نے اجازت دی ہوئی ہے کہ آپ مذاکرات کریں، 8 مئی کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو آپس میں گفتگو کرنی چاہیے۔
پروگرام کی اینکرپرسن نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کچھ ایسا کرنے جارہی ہے کہ شاید عمران خان کو مذاکرات کی ضرورت ہی نہ پڑے اور بانی پی ٹی آئی وہ ’پتہ ‘ شو کر دیں، آپ کے خیال میں وہ کونسا ’پتہ‘ ہوسکتا ہے؟
سوال کا جواب دیتے رانا ثنا اللہ نے کہا ساتھ سول نافرمانی بھی چل رہی ہے اور بانی پی ٹی آئی کریں گے کیونکہ 24 نومبرکو ہم نے انہیں کہا تھا کہ آپ احتجاج کے لئے ڈی چوک نہ آئیں مگر انہوں انکار کیا اوراب یہ امکان ہے کہ 15 دسمبر کو پشاور میں وہ اس حوالے سے اعلان کریں گے۔