شمالی علاقے برف سے سفید پوش، منجمد جھیلوں کا جادو بھی سر چڑھ کر بولنے لگا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں برف باری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی اور منجمد جھیلیں اور برف سے ڈھکی وادیا ں سیاحوں کو دعوت نظرہ دے رہی ہیں۔
دلکش مناظر کے دلدادہ سیاح قدرت کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحتی مقامات کی جانب کھنچے چلے آ رہے ہیں اور مقامی و غیر ملکی سیاحوں کی کثیر تعداد شمالی علاقوں میں پہنچ بھی چکی ہے۔
موسم سرما کی پہلی برف باری نے پورے منظر نامہ سفید کر دیا ہے اور خوبصورت پہاڑوں اور وادیوں کو جادوئی مناظر میں بدل دیا ہے۔
مری میں ایک ہوٹل کے مالک نے کہا ہے کہ برف پوش پہاڑ، جمی ہوئی جھیلیں اور پرسکون وادیاں سیاحوں کے لیے ایک بڑی کشش بن گئی ہیں جو پاکستانی سردیوں کی دلکش خوبصورتی کا تجربہ کرنے کے لیے اس خطے کا رخ کر رہے ہیں۔
پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے حکام کا کہنا ہے کہ برفباری نے ان علاقوں کے قدرتی حسن میں اضافہ کیا ہے جس سے سیاحوں کے لیے ان مقامات کی کشش مزید بڑھ گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ان علاقوں کے مقامی لوگ بھی سیاحوں کی آمد کو دیکھ کر بہت پرجوش ہیں کیوں کہ اس سے ان کی معیشت میں بھی اضافہ ہوگا۔
سوات کے ایک مقامی نے کہا کہ ہم سیاحوں کو اپنے علاقے کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوتے دیکھ کر خوش ہیں اور ہم انہیں بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
پی ٹی ڈی سی کی جانب سے سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان علاقوں میں سفر کرتے وقت احتیاط برتیں اور خاص طور پر شدید برف باری اور منجمد درجہ حرارت کے پیش نظر محتاط رہیں۔
کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ سیاحوں کے لیے محفوظ اور آرام دہ قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔